’صرف سبزیاں کھانے کی وجہ سے میرے بال دھڑا دھڑ گرنے لگے‘
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)سبزیوں کا استعمال صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے لیکن خود کو محض سبزیوں تک محدود کر لینے سے کیا نقصان ہو سکتا ہے اس کا اندازہ برطانوی اداکارہ و گلوکارہ جیسیکا ڈریو کی کہانی سے لگایا جا سکتا ہے جن کا کہنا ہے کہ صرف سبزیاں کھانے سے ان کے بال تیزی سے جھڑنا شروع ہو گئے۔ میل آن لائن کے مطابق جیسیکا ڈریو نے بتایا کہ ”اکتوبر2013ءمیں اپنی بیٹی کائیلہ ریا کی پیدائش کے بعد میں نے اچانک انڈے اور ڈیری مصنوعات ترک کر دیں اور صرف سبزیاں کھانے لگی۔ چند ہی ہفتوں میں میرے بال بری طرح جھڑنے لگے جس پر میں انتہائی پریشان ہو گئی۔ تاہم میں نے اس کی وجہ اپنی خوراک کی بجائے ہیئر ڈائی اور کیمیکلز کے حامل کاسمیٹکس کو سمجھا۔ “
جیسیکا ڈیو نے مزید بتایا کہ ”اس صورتحال سے پریشان ہوکر میں نے اپنے بالوں کو ڈائی کرنا اورلوشن، آئل یا دیگر کاسمیٹک مصنوعات کا استعمال ترک کر دیا لیکن اس کے باوجود میرے بال گرنے کا مسئلہ حل نہ ہوا۔بالآخر جب مجھے مسئلے کی کچھ سمجھ نہ آئی تو میں نے ڈاکٹر سے رابطہ کیا، جس نے میرے ٹیسٹ کرنے کے بعد بتایا کہ مجھے ’انیمیا‘ کا مسئلہ لاحق ہو چکا تھا یعنی میرے جسم میں آئرن کی شدید کمی ہو چکی تھی جس کی وجہ ڈاکٹر نے گوشت، انڈے اور دیگر ڈیری مصنوعات کا استعمال ترک کرنا بتایا۔اس کے بعد میںواپس اپنی معمول کی خوراک پر آ گئی اور آئرن کے سپلیمنٹس بھی لینے شروع کر دیئے جس سے کچھ ہی عرصے میں میرے بال گرنا بند ہو گئے۔“ اس حوالے سے ٹریکالوجسٹ سٹیو او برین کا کہنا ہے کہ ”حالیہ سالوں میں سبزی خور بننے کی وجہ سے ہزاروں خواتین اس مسئلے سے دوچار ہو چکی ہیں۔ تاہم بال گرنے کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں جن میں مختلف بیماریوں کی ادویات کا استعمال، ناقص غذا یا تھائی رائیڈ کے مسائل شامل ہیں۔ ذہنی دباﺅ بھی بال گرنی کی ایک بڑی وجہ ہوتا ہے۔“