شہباز شریف کے ’’شکوہ ‘‘پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا’’جواب شکوہ‘‘ ایسی بات کہہ دی کہ مسلم لیگ ن کے صدر بھی سوچ میں پڑ جائیں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے اپنے بھائی اور کوٹ لکھپت جیل میں قید کاٹنے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کا پروانہ جاری نہ ہونے پر شکوہ کناں ہوئے تو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی میدان میں آ گئے ،ایسی بات کر دی کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب بھی سوچ میں پڑ جائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ ’’بار بار درخواست کرنے کے باوجود مجھے آج بھی میاں صاحب کی تیمارداری سےروک دیا گیا۔ میں اور خاندان کے دیگر افراد ہفتے میں 2’3 بار ملتے تھے تا کہ ان کی صحت کے بارے میں با خبر رہ سکیں لیکن اب صرف جمعرات تک محدود کر دیا گیا۔ ماں، بہن، بھائی اور بیٹی سے یہ حق چھیننا سراسرظلم و زیادتی ہے‘‘۔
میاں شہباز شریف کی جانب سے سوشل میڈیا پر کئے جانے والے اس ’’شکوہ‘‘ پر وزیر اعلیٰ پنجاب بھی میدان میں آ گئے اور ’’جواب شکوہ ‘‘ دیتے ہوئے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ شہباز شریف صاحب کو لگتا ہے کہ آج بھی تمام حکومتیں ان کی اپنی ماضی کی حکومت کی طرح قانون کے برخلاف کام کرتی ہیں۔ ماضی میں مخالف پارٹیوں کے قیدیوں کو ہر طرح کی اذیتیں دی جاتی تھیں، طبی سہولیات تو کُجا، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتاتھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہاکہ’’ اس کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت نے بطور قیدی آپ کے حقوق سے بڑھ کر سہولیات فراہم کیں۔جیل مینوئل کے مطابق ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہے جو ضرور کروائی جائے گی،حکومت پنجاب جیل مینوئل کے مطابق دیگر تمام سہولیات بھی فراہم کرتی رہے گی۔ یقین رکھیے ہمارا رویہ آپ کے رویے سے بہتر رہے گا‘‘۔