8 سالہ بچی کا ریپ، قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت
فیصل آباد(آئی این پی ) فیصل آباد کی سیشن عدالت نے 8 سالہ بچی کا ریپ اور قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت سنادی۔عبدالرزاق نامی ملزم کو 2 جولائی 2018 کو 8 سالہ بچی کو اغوا کرنے، ریپ کرنے اور اور اس کی لاش فیصل آباد کے قریبی علاقے رضا آباد میں پھینکنے کا مجرم ٹھہرایا گیا۔پولیس نے ملزم کو لاہور ایئرپورٹ پر ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انعام الہی نے عبدالرزاق کو تینوں الزامات پر سزائے موت سنائی اور 35 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
مقتول بچی کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم اس سے قبل بھی کم عمر بچیوں کا ریپ کرنے میں ملوث رہا ہے۔ غیر سرکاری تنظیم ساحل کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال اگست کے مہینے میں انکشاف کیا تھا کہ 2018 کے پہلے 6 ماہ میں گزشتہ سال کے اس ہی دورانیے کے مقابلے میں بچوں پر تشدد کے کیسز میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مجموعی طور پر 2 ہزار 322 اخبارات میں رپورٹ ہوئے۔اس کے مقابلے میں 2017 میں جنوری سے جون کے مہینے تک 1 ہزار 764 ایسے واقعات رپورٹ کیے گئے تھے۔رپورٹ کے مصنف ممتاز گوہر نے بتایا تھا کہ زینب ریپ اور قتل کیس کے بعد بچوں پر تشدد کے کیسز میں کمی سامنے آنی چاہیے تھی تاہم بدقسمتی سے اس میں اضافہ سامنے آیا تھا۔