پنجاب میں ریسٹوران، شاپنگ مالز رات 10بجے بند، سیاحتی مقاما ت میں داخلے پر پابندی، فیکٹریاں اور منڈیا ں کھلی رکھنے کا فیصلہ

Mar 19, 2020

لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 189مشتبہ کیسز ہیں اور پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کئے۔پنجاب حکومت نے 3جنوری کو سب سے پہلے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کاآغاز کیاہے-محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا گیاہے-فوری طو رپر کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی،جو تواتر کے ساتھ اجلاس کررہی ہے اور اقدامات تجویز کرتی ہے اورقومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر صوبہ پنجاب میں فوری طو رپر عملدرآمد کیا گیاہے۔وہ گزشتہ روز ملتان میں لیبر کمپلیکس میں قائم کئے گئے قرنطینہ مرکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں،مری سمیت سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے -سیکرٹریٹ او رسرکاری دفاتر میں لوگوں کی آمد ورفت کو محدود کردیا گیاہے جبکہ دفاتر میں انتہائی ضروری سٹاف ہی حاضر ہوگا جبکہ دیگر عملہ سکائپ پر سرکاری امور سرانجام دے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ شاپنگ ہالزاور ریسٹورنٹس رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔میڈیکل سٹور اورجنرل سٹورز کھلے رہیں گے-فیکٹریاں اور منڈیا ں بھی کھلی رہیں گی-انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قرنطینہ کی سہولت کو بہتر بنایاجائے گا-پنجاب حکومت دیگر صوبوں خصوصاً بلوچستان کی قرنطینہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے معاونت کرے گی اور بلوچستان کی حکومت کو تفتان میں قرنطینہ سنٹر کے قیام کے حوالے سے مدد دیں گے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تفتان میں قرنطینہ مرکز قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے-محکمہ صحت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تقریباً 24کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں -محکمہ صحت کے لئے ایک ارب روپے کے مزید فنڈز بھی مختص کر دئیے ہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے5ارب روپے کے خصوصی فنڈز کے قیام کا اعلان کیا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ضرورت پڑنے پر ایک ہزار بستر وں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی بنائے گی-ہسپتالوں میں 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کردئیے گئے ہیں -لاہور،راولپنڈی او رمظفر گڑھ میں 3ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کے لئے مخصوص کیا گیاہے-پنجاب میں دفعہ 144عائد کردی گئی ہے اورصوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے-بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیبرکمپلیکس میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا -وزیر اعلی نے قرنطینہ مرکز میں مریضوں کیلئے سہولتوں، صفائی کے انتظامات اور واش روم کا بھی معائنہ کیا-انہوں نے کہا کہ لیبرکمپلیکس میں تقریباً 3ہزار افراد کے لئے قرنطینہ کی گنجائش ہے - قرنطینہ مرکز میں 100بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے-وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا مریضوں کے لئے قا ئم ہسپتال میں ڈاکٹر او رطبی عملہ دن رات ڈیوٹی سرانجام دے گا - لیبرکمپلیکس میں قائم قرنطینہ مرکز میں ایران سے آ نے والے زائرین کو ٹھہرایاجائے گااورایران سے آنے والے زائرین کے کورونا ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے -وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ بھی قائم کیا گیاہے -ملتان میں مزید 1440 بیڈز کی گنجائش موجود ہے -زائرین کی دیکھ بھال اور ضروری امورکی انجام دہی کے لئے 300 افراد پر مشتمل عملہ فرائض سرانجام دے گا- شوکت خانم کینسر ہسپتال کے ڈاکٹرفیصل سلطان، ایم پی اے سبین گل خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سپشلائز ڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پنجاب فیصلہ

لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب ایپکس کمیٹی نے کرونا وائرس کیخلاف ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد پر اتفاق کرتے ہوئے وباء سے عوام کو بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیرصدارت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب کے داخلی راستوں پر نقل و حرکت اور سکریننگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرونا کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی آپشن نہیں لہٰذا عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایک صفحے پر ہے جبکہ معاشرے کے ہر طبقے کو کرونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ہم بھی حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں۔یہ ایک نیشنل کاز ہے اور ہم سول حکومت کا پورا ساتھ دیں گے۔ اجلاس میں تفتان میں پنجاب حکومت کی جانب سے قرنطینہ کی سہولت قائم کرنے کی تجویز پر غور کیاگیاجبکہ کرونا وائرس کے مشتبہ مسافروں کیلئے لاہور میں حج ٹرمینل کو قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کرنے کی تجویز کابھی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن اور صوبائی سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال،احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے علامہ ناصر مدنی پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی،وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔
پنجاب ایپکس کمیٹی

مزیدخبریں