نجی ٹی وی بندش کیس،پیمرا،فردوس عاشق کو نوٹسز جاری، جواب طلب

نجی ٹی وی بندش کیس،پیمرا،فردوس عاشق کو نوٹسز جاری، جواب طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی ٹی وی (جیو نیوز)کی کیبل پر بندش اور چینل کو آخری نمبروں پر دھکیلنے سے متعلق کیس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات اور پیمرا کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ بدھ کو نجی ٹی وی کی بندش اور چینل کو کیبل پر آخری نمبروں پر دھکیلنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ہوئی۔راجا احسن محمود اور میاں فیصل ایڈووکیٹ نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔بیرسٹر جہانگیر جدون نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ بنیادی حقوق اور آزادی اظہار رائے کا معاملہ ہے، میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے۔فری پریس کے بغیر کسی مسئلے پر شفاف رائے کیسے قائم کی جا سکتی ہے؟ اگر حکومت میڈیا کے کسی طرز عمل سے متاثر ہے تو شکایت کیلئے پیمرا کا فورم موجود ہے۔عوام کی مرضی ہے کہ وہ اپنی پسند کا چینل دیکھیں لیکن ہائیکورٹ کی حدود میں بھی کیبل پر ٹی وی آخری نمبروں پر آ رہا ہے۔دوران سماعت سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حوالہ جات بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کیے گئے اور وکیل درخواست گزار نے کہا جیو نیوز کو پہلے بھی ایسی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، معاون خصوصی برائے اطلا عا ت فردوس عاشق اعوان اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے سے متعلق جواب طلب کر لیا۔عدالت نے چیئرمین پیمرا کو حکم دیا کہ وہ ایک فرد نامزد کریں جو آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے پیش ہو۔ٹی وی کی کیبل پر بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کے خلاف درخواست کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔
نجی ٹی وی کیس

مزید :

صفحہ اول -