مسلم لیگ ن کرونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاست چمکانے میں مشغول: فردوس عاشق

مسلم لیگ ن کرونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاست چمکانے میں مشغول: فردوس عاشق

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کرونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی، اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضہ ہے لہٰذا سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے اپوزیشن کرونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی کاوشوں کو تقویت دے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کیلئے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے، عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا اگر مسلم لیگ(ن) کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے بیرون ملک اکاؤنٹ رکھنے والی لندن میں بیٹھی شریف فیملی کو پاکستان آنے کی اپیل کریں۔معاون خصوصی نے کہا کہ احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے، منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا۔

فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -