تفتان میں قائم قرنطینہ سے حکومتی سنجیدگی، اہلیت اور قابلیت کا قوم کوپتہ چل گیا: شہباز شریف

تفتان میں قائم قرنطینہ سے حکومتی سنجیدگی، اہلیت اور قابلیت کا قوم کوپتہ چل ...

  

لندن(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کورونا اور معیشت کے بڑھتے خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا اور معیشت کے خطرے کیلئے جامع، فوری، مسلسل اور موثر انتظامات واقدامات درکار ہیں،قیمتی وقت تیزی سے ضائع ہورہا ہے، وقت گزر گیا تو پھر پچھتانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ہسپتالوں میں انتظامات پورے ہوتے تو عمران نیازی ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہ کرتے،0.75فیصد شرح سود میں کمی ناکافی اور کاروباری برادری سے مذاق ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا میں پہلے بھی مسلسل خبردار کرتا آیا ہوں، اب بھی کررہا ہوں قوم کی زندگی کا معاملہ نہ ہوتا تو خاموشی اختیار کرلیتا، یہ ضد، ہٹ دھرمی اور تکبر کا نہیں، ہوش کا معاملہ ہے۔ ٹیسٹ کرانے سے منع کرنے کا مطلب حکومت کے پاس کورونا سے نمٹنے کی تیاری نہیں،کوئی بھی ذی شعور اور ذی ہوش شخص ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہیں کرسکتا۔علامات پرٹیسٹ نہ کرائے تو ابتدائی مرحلے پر اس وباکو کیسے روکا جائے گا؟حکمرانوں کا معیشت اور کورونا کے مقابلے کیلئے ایک ہی انداز اور رویہ ہے،کورونا اور معیشت کا خطرہ ملکی سلامتی اور عوام کی بقاکیلئے سنگین تر ہوتا جارہا ہے۔بڑھتے مریضوں کی تعداد بتارہی ہے معاملہ دنوں سے اب لمحوں کی شکل اختیار کرچکا ہے، چھپانے سے حقائق بدلیں گے اور نہ ہی حا لا ت، پاکستانی قوم بڑی بہادر ہے، حکومتی ذمہ د اری ہے کہ مسئلے کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔تفتان واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے کہ مسافروں کو بغیر سکریننگ کیوں جانے دیاگیا؟ مناسب طبی و رہائشی انتظامات کیوں نہیں کئے گئے؟ شہریوں کو ایسے حالات میں ایک ہی جگہ بھڑ بکریوں کی طرح رکھنا انتہائی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے،تفتان میں کورونا کے شبہ میں جو خیمہ بستی بنائی گئی ہے، اس سے حکومتی سنجیدگی، اہلیت اور قابلیت کا قوم کو پتہ چل گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دور میں شرح سود ساڑھے 6فیصد تھی اس وقت شرح سود 12.50فیصد ہے جو معیشت کیلئے زہر قاتل ہے معیشت اور کورونا کیلئے حکومتی رویہ خودکشی کے مترادف ہے۔ قوم سے اپیل ہے اپنی مدد آپ کے تحت اپنا، اپنے گھر والوں اور اردگرد کا خیال رکھیں،پارٹی قائدین، رہنماوں اور کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ کورونا سے بچاو کی آگاہی مہم میں کردار ادا کریں،پاکستان مسلم لیگ(ن)اس مشکل صورتحال میں اپنا سماجی وقومی کردار ادا کرے گی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -