کرونا وائرس کی شکست ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے،مونس الٰہی

  کرونا وائرس کی شکست ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے،مونس الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن مونس الٰہی نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی شکست ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے، اس سے ڈرنا نہیں اسے ہرانا ہے، ہم سب کو چاہئے کہ احتیاطی تدابیر سے اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنائیں۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور ایکو فرینڈز کے کارکنوں کی کورونا وائرس آگاہی مہم قابل تعریف ہے، کورونا وائرس سے بچنے کیلئے سب سے اہم احتیاط اپنے ہاتھوں کو جراثیم سے پاک اور صاف رکھنا ہے، پاکستان مسلم لیگ کورونا وائرس کے خلاف سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ کورونا وائرس کے امتحان میں دھیان، دوا اور دعا سے پاکستان کامیاب ہو گا۔ انہوں نے چار احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جراثیم سے بچنے کیلئے اپنے ہاتھ ہر وقت صاف رکھیں، چھینک یا کھانسی میں اپنا چہرہ ٹشو پیپر یا بازو کے ساتھ ڈھانپیں، دوسروں سے مناسب فاصلہ رکھ کر ملاقات کریں اور بخار، کھانسی یا سانس میں دشواری کی صورت میں فوراً قریبی ڈاکٹر یا حکومت کی قائم کردہ ہیلپ لائن 1166 یا 1033 سے رابطہ کریں۔ مونس الٰہی نے کہا کہ احتیاط کرنے سے آپ انشاء اللہ کورونا وائرس سے محفوظ رہیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -