ماسک،سینیٹائزرمہنگے فروخت کرنیوالوں کونہیں چھوڑینگے، رائے بابر سعید
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید سے چین آف فارمیسیز (Chain of Pharmacies) ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے وفد نے اْن کے دفتر میں ملا قا ت کی۔جن میں فضل دین فارما پلس،نیو محمود فارمیسی، سرویڈ،سی ایس ایچ اور محمود فارمیسی سمیت مختلف فارمیسیز کے نمائندے شامل تھے۔ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں فیس ماسک اور سینی ٹائزرز کی فروخت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعیدنے کہا کورونا وائرس کے پیش نظر تمام شعبہ ہائے زند گی سے تعلق رکھنے والے افراد کی اجتماعی کوششوں سے اس موذی وباء کو شکست دے سکتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے فائدہ اْٹھانے والے عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس وقت شہریوں کیلئے ماسک اور سینی ٹائزرز کی مناسب قیمتوں پر دستیابی سب سے اہم امر ہے۔کورونا وائرس سے بچاؤ اور تدارک کے سامان اور ادویات کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے فارمیسیز کلیدی کردارادا کریں۔ ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے ماسک اور سینیٹائزرز کی قیمتیں پراڈکٹ کوالٹی کے مطابق طے کی جائیں گی۔قانون نافذ کرنیوالے ادارے کی حیثیت سے ضلعی انتظامیہ اور فارمیسیزکے درمیان ماسک اور سینیٹائزر کی جو بھی قیمتیں طے ہونگی،عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ مقررہ نرخوں پر فروخت نہ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لیں گے۔موجودہ حالات میں تمام فارمیسیز بھی ایسے عناصر کاازخود محاسبہ کریں۔فارمیسیز مالکان دکانوں پر نرخوں کی فہر ستیں نمایاں طور پر آویزاں کریں۔فارمیسیز نمائندوں نے اس ضمن میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
رائے بابر