معذور بچے اللہ کا عذاب،فیاض الحسن کے بیان پر شیریں مزاری برہم

  معذور بچے اللہ کا عذاب،فیاض الحسن کے بیان پر شیریں مزاری برہم

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے معذور بچوں سے متعلق پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بیان کو قابل مذمت اور ناقابل معافی قراردے دیا۔وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ معذور بچے کوئی عذاب نہیں ہوتے مگر ان کے لیے خاص لوگ ضرور منتخب ہوتے ہیں جو ان کا خیال رکھتے ہیں، محبت کرتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں۔انہوں نے فیاض الحسن چوہان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’بلکہ کوئی بچہ بھی کسی کیلئے عذاب نہیں ہوتا جو کوئی بھی اس طرح کا سنگدل اور انسانیت کے برعکس بیان دیتا ہے وہ قابل مذمت اور ناقابل معافی ہے۔ دوسری جانب ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے لیے وزیراعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدرس نے بھی شیریں مزاری کی حمایت کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کے بیان کی شدید مذمت کی۔انہوں نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا کہ شیریں مزاری کا شکریہ کہ اْنہوں نے سپیشل بچوں کیلئے آواز اٹھائی، سپیشل بچوں کے خلاف ایسے الفاظ تکلیف دہ اور ناقابل معافی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں کرونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جو لوگ صرف اپنی جیب بھرنے کیلئے لوگوں کی جان و صحت اور عزت سے کھیلتے ہیں اور صرف اپنے مفادات کا سوچتے ہیں پھر اللہ اسے دنیا میں ہی ایسی سزا دیتا ہے جسے سب دیکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کے معذور اور اپاہج بچے پیدا ہوتے ہیں اور پورا معاشرہ تذکرہ کرتا ہے کہ ان کی ایسی حرکات کی وجہ سے یہ عذاب آیا ہے۔

شیریں مزاری برہم

مزید :

صفحہ اول -