حکومت کرونا کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے،اعجاز چودھری
لاہور(پ ر)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری اور جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت کرونا وائرس سے بچاؤ اورخاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، وزیراعظم عمران خان کا کرونا وائرس پر قوم کو اعتماد میں لینا خوش آئند قدم ہے، مشکل وقت میں ایک قوم بن کر ہم نے اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنا ہے، کرونا وائرس قوم پر ایک آزمائش ہے، اپنے خاندانوں اور ہمسائیوں کا خاص خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ان خیالات کا اظہار اعجازاحمدچوہدری اور علی امتیاز وڑائچ نے کیا۔
پارٹی رہنماء ڈاکٹر عامر علی کی طرف سے اپنی رہائشگاہ پر دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلعی صدر گوجرانوالہ رانا ساجد علی خاں، جنرل سیکرٹری نعمان اللہ چٹھہ، سٹی صدر جواد حسن منج، چوہدری ارشاد اللہ سندھو، ممتاز نصراللہ چٹھہ، چوہدری عمیر ورک سمیت دیگر عہدیداران اور کارکن موجود تھے، اعجازاحمدچوہدری اور علی امتیازوڑائچ کا مزید کہنا تھاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درباری چلو بھرپانی میں ڈوب مریں، دونوں جماعتیں وبائی مرض کرونا پر سیاست کرنے سے باز نہیں آ رہیں، حکومتیں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے تمام حفاظتی انتظامات میں مصروف عمل ہیں، اب وقت تنقید کا نہیں متحد ہونے کا ہے، ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ اس وبائی مرض سے بچنے کے لئے حفاظتی تدابیر پر عمل کرے، حکومت اور انتظامیہ کا ساتھ دے، ڈاکٹر اور پیراء میڈیکل سٹاف کرونا وائرس کے متاثرین کا علاج کرنے میں ہمہ وقت کوشاں ہے۔