وزیراعظم کا خطاب مایوس کن اور بدنیتی پر مبنی تھااسماعیل راہو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب کو مایوسی اور بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا ہے۔اس ضمن میں وزیرزراعت سندھ محمد اسماعیل راہو نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب پرردعمل میں کہا کہ عمران خان کی تقریر نے عوام کو بے انتہا مایوس کیا ہے۔حکومت سندھ کے اقدامات کا ذکر نہ کرنا،ناصرف صوبائی حکومت کے ساتھ بلکہ سندھ کے شہریوں کے ساتھ ذیادتی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو خود کا اپنا ہی خطاب سمجھ میں نہیں آیا تو قوم کو کیسے سمجھ آ ئیگا۔ وزیراعظم کا خطاب کھودا پہاڑ نکلا چْوہا والا معاملہ ہے۔ یہ ہی کچھ کہنا تھا تو قوم کا وقت ضائع کیوں کیا۔اس آزمائش کی گھڑی میں قوم کو حوصلہ اور عملی اقدامات کی ضرورت تھی۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم نے کسی بڑے اقدام کا اعلان کیا نہ ہی کسی حکمت عملی کا۔ انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ چھپے بیٹھے رہیں اور ٹویٹ کرتے رہیں۔ وزیرا عظم کا مقصد کورونا کو روکنا ہی ہوتا تو سندھ حکومت کا نام ضرور لیتے۔ سندھ حکومت کے اقدامات کو پوری دنیا سراہا رہی ہے لیکن سلیکٹڈ کو سندھ کا نام لیتے سانپ سْونگھ گیا تھا۔ پوری تقریر مایوسی اور بدنیتی پر مبنی تھی۔ وزیراعظم کا بڑا احسان ہے کہ انہوں نے قوم کو بتادیا کہ کسی سے ہاتھ ملانا نہیں اور ہاتھ صابن سے دھونے ہیں۔اسماعیل راہونے کہا کہ سب نے دیکھا بھی اور سنا بھی وزیراعظم نے خطاب میں سندھ کا نام نہ لیکر لاتعلقی کا اظہار کیا۔ کاش وزیراعظم خطاب میں کہتے کہ وفاقی حکومت بھی وزیراعلی سندھ کی طرح اقدام کرے گی مگر انہوں نے سندھ کا نام تک نہیں لیا۔