بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائیگی،مقصود انور پرویز

  بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائیگی،مقصود انور پرویز

  

پشاور (سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے پشاور صدر کی تاجر برادری کو یقین دلایا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں کسٹمز‘ واپڈا‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹس سمیت دیگر حکومتی متعلقہ اداروں کے ساتھ فوری رابطہ کرکے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز انجمن تاجران ٹائمز سنٹر صدر روڈ کینٹ پشاور کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے انجمن تاجران ٹائمز سنٹر صدر روڈ کینٹ پشاور کے نو منتخب سرپرست اعلیٰ نسیم گل‘ چیئرمین حامد محمود‘ صدر سردار حسین‘ جنرل سیکرٹری زبیر گل اور کابینہ کے دیگر سے عہدیداروں سے حلف لیا۔ تقریب میں تاجر اتحاد پشاور کے چیئرمین ؎مجیب الرحمان نے بھی شرکت کی۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے طورخم بارڈرپر مسافروں کی آمدورفت پر پابندی کورونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے تاہم انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈرز کو مال بردار گاڑیوں کے لئے بند کرنے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونے کے ساتھ ساتھ پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کا کاروبار بھی کافی متاثر ہو رہاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اور افغانستان کو مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے طورخم بارڈر کو کھولا جائے تاکہ تاجروں‘ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کی مشکلات دور ہوں اور پاک افغان تجارت بھی متاثر نہ ہو۔ سرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے اس موقع پر تاجر برادری کے مسائل کے موثر اور دیرپا حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھانے کا اعادہ کیا اور کہا کہ سرحد چیمبر بزنس کمیونٹی کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتا ہے اور چیمبر کے دروازے تاجر برادری کے لئے ہمیشہ کیلئے کھلے ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں کے ساتھ فوری رابطہ کرکے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے گئے ہیں اور آئندہ بھی حل کئے جائیں گے۔ اس سے قبل انجمن تاجران ٹائمز سنٹر صدر روڈ کینٹ پشاور کے سرپرست اعلیٰ نسیم گل‘ چیئرمین حامد محمود‘ تاجر اتحاد پشاور کے چیئرمین مجیب الرحمان اور دیگرتاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ موثر انداز میں بات چیت کرکے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -