خیبر پختونخوا حکومت کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے کیا اقدامات کر رہی ہے؟صوبائی وزیر صحت نے کھل کر بتا دیا

خیبر پختونخوا حکومت کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے کیا اقدامات کر رہی ...
خیبر پختونخوا حکومت کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے کیا اقدامات کر رہی ہے؟صوبائی وزیر صحت نے کھل کر بتا دیا

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا کےوزیرصحت تیمور سیلم خان جھگڑا نےکہاہےکہ صوبائی حکومت نےعوام کو کورونا وباءسےبچانےکے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں تاہم عوام سے بھی استدعا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں،کورونا وباء سے متعلق سوشل میڈیا پر موجود مواد، اعداد وشمار اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا  تیمور سیلم خان جھگڑا  نے عوام الناس کی آگاہی کے لئے جاری ویڈیو پیغامات میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سکولز، کالجز یونیورسٹیز، شادی ہالز بند کر دئیے ہیں اور تمام چھوٹے بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کی ہے جس کا مقصد بہتر عوامی مفاد میں میل جول محدود کرنا تھا تاکہ یہ وباء پھیل نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے عوام کو اس وباء سے بچانے کے لئے سخت سے سخت اقدامات کرے گی تاہم اس دوران بھی کھانے پینے اور ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی ہوں گی، یہ اقدامات عوام کی بہتری اور فلاح کے لیے اٹھائے جائیں گے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ کورونا وائرس بزرگ اور بیمار افراد پر شدید اثرانداز ہوتا ہے تاہم نوجوانوں اور اچھی صحت کے حامل افراد پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتا،شہری اپنے اہل وعیال میں بزرگ اور بچوں کا خاص خیال رکھیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وباء سے متعلق سوشل میڈیا پر موجود مواد، اعداد وشمار اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر نزلہ زکام اور بخار کرونا نہیں ہوتا اگر اس طرح کی علامات ہوں تو اپنے گھر میں رہیں اور صوبائی حکومت کی ہیلپ لائن 1700 پر کال کر کے رہنمائی حاصل کریں۔ آگاہی پیغام میں وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ماسک ہر ایک کے لیے پہننا ضروری نہیں یہ صرف ان افراد کو پہننا چاہیے جن میں کورونا وائرس کی علامات ہوں یا انہیں عام نزلہ زکام ہو۔صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور پر ہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -