مجموعی طور پر 12ہزار اور 60ایکڑ اراضی پر 26لاکھ درخت لگائے گئے: ڈاکٹر امجد علی
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ جنگلات کی بہترین حکمت عملی کے نتیجہ میں ضلع سوات میں مون سون 2020 اور موسم بہار 2021 کے دوران اب تک مجموعی طور پر 12ہزار اور 60 ایکڑ ارضی پر تقریباً 26 لاکھ 80 ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔ سوات کے علاقوں میادم، ملم جبہ اور گبین جبہ میں اب بھی درخت لگانے کا عمل جاری ہے۔ رواں شجرکاری مہم میں عوام بھی پاک سرزمین کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے جمعرات کے روز اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ حکومتی و محکمانہ کاؤشوں سمیت عوام بھی وزیر اعظم عمران خان کے دس بلین درخت لگانے کے پانچ سالہ منصوبے کا ہدف پورا کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ-21 2020 میں ضلع سوات کے 603 ہیکٹر زمین پر دیار، چیڑ، کائل، کچھ مخصوص مقامات پرالائچی، بکائن، روبینیا اور سفیدہ کے درخت لگائیں گئے ہیں۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ جنگلات زمین کا زیور اور قدرتی ذریعہ آمدن ہونے کیساتھ ساتھ بارشوں اور خوشگوار ماحول کا موجب بھی ہیں۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے ذمہ داران سمیت سرکاری ملازمین، سول سوسائٹیز، سکولوں کے طلبہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے دل وجان سے محنت کرنے اور بالخصوص عوام پر اپنے ہی گھروں میں پھل دار درخت لگانے سے نفع بخش ہونے کیساتھ ساتھ انسان دوست ماحول بنا دینے پر بھی زور دیا۔