سندھ اسمبلی کے اراکین کا ڈبلیو ایس ایس سی مردان کا دورہ
مردان(بیورورپورٹ)سندھ اسمبلی کے اراکین کے وفد نے واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر انہوں نے صاف پانی کی فراہمی، صفائی کے جدید نظام اور کچرے سے کھاد بنانے والے پراجیکٹ کا معائنہ کیا۔وفد کی قیادت سندھ اسمبلی کے رکن راجا اظہر نے کی۔ وفد میں ایم پی ایز ڈاکٹر لعل چند،ہیر سوہو،کلثوم چانڈیو،شازیہ کریم،شاہینہ شیر علی کے علاوہ سماجی تنظیم ہینڈ ز کے سی ای او ڈاکٹر تنویر احمد، لوکل گورنمنٹ سندھ کے سی ایم او محمد رفیق،لطیف خان،غلام مصطفی کے علاوہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ،لوکل گورنمنٹ سندھ کے سربراہان نے شرکت کی۔اس موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجنیئر امیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمپنی نومبر2016سے مردان شہر کے چودہ یونین کونسلوں میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی،نکاسی آب اور صفائی کی سہولیات فراہم کررہی ہے۔کمپنی کے قیام سے پہلے شہر سے کچرا اٹھانے کی صلاحیت او رکارکردگی17فیصد تھی جبکہ کمپنی کے قیام کے بعد کارکردگی70فیصد تک پہنچ چکی ہے۔کمپنی کے شکایت سیل کو اب تک16ہزار5سو شکایات موصول ہوئیں جن میں 16ہزار 4سو شکایات کو حل کر دیا گیا ہے جبکہ سو شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچرے کو کھاد میں تبدیل کرنے والا پراجیکٹ خیبر پختونخوا کا پہلا منصوبہ ہے جسے پورے ملک میں سراہا گیا ہے اورروزانہ پانچ ٹن کچرے کو نامیاتی کھاد میں تبدیل کیا جارہا ہے۔اس موقع پر سندھ اسمبلی کے اراکین راجا اظہر، ڈاکٹر لعل چند اورہیر سوہونے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے آئی آر آر سی کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ کچرے کو کارآمد بنا کر ہم ملکی معیشت کو استحکام دے سکتے ہیں۔ کچرے کو لوگوں کے لئے مفید بنانا ایک اچھا منصوبہ ہے اور سندھ کے مختلف علاقوں میں اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں انکے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کو کچرے کو تلف کرنے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔کچرے کو کارآمد بنا کر ہم اپنے ماحول کو صاف ستھر ا رکھنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی استحکام دے سکتے ہیں۔