اساتذہ کو 2017-18 کیلئے مختص رقم میں سالانہ وظائف نہ دینے پر جواب طلب
پشاور(نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس قیصر رشید اور جسٹس اعجاز انور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختون خوا میں ہائیر کوالیفیکیشن رکھنے والے اساتذہ کو 2017-18کیلئے مختص رقم میں سالانہ وظائف نہ دینے کے خلاف دائر رٹ پر ہائیرایجوکیشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا دو رکنی بینچ نے بابر خان ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر عنایت الرحمان سمیت 59 درخواست گزاروں کی رٹ کی سماعت کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن نے سال 2017-18 کیلئے کالجز میں پڑھانے والے ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کیلئے 100 ملین روپے مختص کئے تھے تاہم اس حوالے سے خیبر پختون خوا کے کالجز میں کام کرنے والے ہائیر کوالی فکیشن رکھنے والے اساتذہ کو اپنا حصہ نہیں دیا گیا انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایم فل کرنے والوں کو دو لاکھ روپے جبکہ پی ایچ ڈی کرنے والوں کو تین لاکھ روپے مکمل کورس کی تکمیل پر ملتے تھے مگر بدقسمتی سے خیبر پختون خوا کے کالجز کو نظرانداز کیا گیا جبکہ دیگر صوبوں میں یہ رقم جاری کی گئی انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 2019 کے بعد تو یہ مکمل طور پر بند ہے مگر ابھی تک ان درخواست گزاروں کو مطلوبہ رقم نہیں ملی جس پر عدالت نے ہائیرایجوکیشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا