پنجاب پولیس ویلفیئر ہسپتالوں کے قیام کیلئے منصوبہ بندی جلد مکمل کی جائے: انعام غنی
لاہور(کر ائم رپو رٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ پولیس فورس بالخصوص جونیئر رینک ملازمین کی بہترین ویلفیئر اورانہیں ہر ممکن سہولیات کی باآسانی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا افسران و اہلکاروں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس ویلفیئر ہسپتالوں کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی اور ملتان جیسے بڑے شہروں میں پنجاب پولیس ویلفیئر ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے مناسب جگہوں کی نشاندہی کی جائے اور پلاننگ کے مرحلے میں ہسپتالوں کیلئے متعین جگہ اور وہ حاصل نہ ہونے کی صورت اسکی متبادل جگہ کی نشاندہی بھی کی جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہسپتالوں کی تعمیر کا کام ترجیحا ّپولیس ویلفیئر فنڈزسے مکمل کیا جائے جبکہ فنڈز کی کمی کی صورت میں حکومت سے درخواست کی جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سٹیٹ آف دی آرٹ فارمولے کے تحت ڈیزائن کردہ ان ویلفیئر ہسپتالوں میں جدیدترین طبی سہولیا ت، ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور دیگرساز و سامان کی فراہمی کوہرصورت یقینی بنایا جائے جبکہ پولیس ویلفیئر پراجیکٹ کے طور پرفعال ہونے والے ان ہسپتالوں سے ملازمین کے ساتھ عام شہری بھی استفادہ کرسکیں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ صحت کی سہولیات کی فراہمی سے فورس اور ان کے اہل خانہ کو درپیش طبی مسائل کا خاتمہ ہوسکے گا اور وہ غیر ضروری پریشانیوں سے بالاتر ہوکر عوام کی جان ومال کے تحفظ اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روزسنٹرل پولیس آفس میں پنجا ب پولیس ویلفیئر ہسپتالوں کی تعمیر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انعام غنی