کھلاڑیوں کی سلیکشن پر اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، محمد وسیم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابر اعظم کے ساتھ دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے منتخب کردہ سکواڈ پر اختلافات کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی ایک ہی پیج پر ہیں،آخری ٹیم سیریز کے لئے جس ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا اس کے بارے میں کہہ سکتا ہوں کہ 100 فیصد کام باہمی اتفاق رائے کی بنیاد پر کیے گئے تھے اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا ہے۔میں بہت سارے پلیٹ فارمز پر پڑھ رہا ہوں کہ بابراعظم نے 11 کھلاڑیوں کو مانگا تھا، میں بھی سوچ رہا ہوں کہ پاکستان میں کون سے 11 کھلاڑی ہیں جو سلیکٹ کردہ کھلاڑیوں سے بہتر ہیں محمد وسیم کا کہنا تھا کہ اگر ہم شرجیل کی فٹنس پر نگاہ ڈالیں تو یہ ون ڈے کرکٹ کیلئے موزوں نہیں ہے اور ہم سب نے اس پر اتفاق کیا، فخر زمان ون ڈے کیلئے موزوں ہیں۔
کیونکہ ان کی فٹنس اچھی ہے،ہم نے ان تمام باتوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس پر ہم سب کی رائے تقریبا ایک جیسی ہی تھی، منتخب ہونے والے زیادہ تر کھلاڑی کپتان اور کوچ کی خواہش پر ہی چنے گئے۔