بھارت میں گائے سے ٹرین کی ٹکر لیکن پھر ریل گاڑی الٹی چلنا شروع ، کتنے کلومیٹر فاصلہ واپس طے کرنے کے بعد رکی ؟ عملہ معطل

بھارت میں گائے سے ٹرین کی ٹکر لیکن پھر ریل گاڑی الٹی چلنا شروع ، کتنے کلومیٹر ...
بھارت میں گائے سے ٹرین کی ٹکر لیکن پھر ریل گاڑی الٹی چلنا شروع ، کتنے کلومیٹر فاصلہ واپس طے کرنے کے بعد رکی ؟ عملہ معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ویب ڈیسک)بھارت میں نہایت ہی انوکھا ترین واقعہ پیش آیاہے جس پر کسی کیلئے بھی یقین کرنا مشکل تھا، 43مسافروں کیساتھ دہلی تانکپور نگری جانیوالی ٹرین 20کلومیٹرتک الٹی چلتی رہی اور تیزرفتاری میں ہی دو سٹیشن بھی عبور کرگئی جس کے بعد ریلوے ٹریک پر پھینکے گئے ریت اور پتھروں کے ڈھیر کی مدد سے رک پائی، اس واقعے کے بعد انجن کا پائلٹ، اسسٹنٹ پائلٹ اور گارڈ کو معطل کردیا گیا۔بتایاگیا ہے کہ ریل گاڑی اپنی منزل تانکپورکے قریب تھی جب ایک جانور گھومتا ہوا ٹریک پر آگیا تھا۔ 
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عزت نگر ریلوے ڈویژن کے پی آر او راجندرا سنگھ نے بتایا کہ یہ حیران کن واقعہ ٹرین کے گائے سے ٹکرانے کے بعد پیش آیا، ایسا محسوس ہوتاہے کہ ڈرائیور نے سخت بریک لگائے جس کی وجہ سے ایئرپریشر بنا اور پائپ پھٹ گیا۔ ریلوے حکام کاکہناتھاکہ ممکنہ طورپر ڈرائیور انجن پر کنٹرول کھوبیٹھا جس کے بعد وہ پیچھے (ریورس) چلنا شروع ہوگیا۔
ٹرین میں اس وقت موجود ٹریولنگ ٹکٹ ایگزامینر(ٹی ٹی ای ) لکشمن سنگھ کے مطابق ٹرین میں ہلچل مچ گئی اور ابتدائی طورپر محسوس ہوا کہ شاید ڈرائیور ٹریک بدلنے کے لیے واپس جارہاہے لیکن اس کی رفتار بڑھتی چلی گئی تو احساس ہوا کہ معاملہ کچھ اور ہے ۔ ان کا مزید کہناتھاکہ جلد ہی چیختے چلاتے مسافر ان کے گرد جمع ہوگئے اور پوچھنا چاہتے تھے کہ کیا ہورہا ہے لیکن ہمیں خود کچھ معلوم نہ تھا، یہ میری زندگی کا سب سے اہم لمحہ تھا۔ 
میڈیا رپورٹس میں اندازوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ تانکپور ریلوے سٹیشن دیگر سٹیشنز سے 259میٹر اونچائی پر ہے اور جب ٹرین واپس آنا شروع ہوئی تو ڈرائیور نہ روک پایا، فوری طورپر اس نے کنٹرول روم اور قریبی ریلوے سٹیشنز کو آگاہ کیا جس کے بعد ٹیمیں حرکت میں آئیں اور پھاٹک پر احتیاطی تدابیر کے علاوہ ریلوے ٹریک پر مٹی اور پتھر پھینکے گئے ۔ 
یہ بھی بتایاگیاکہ ٹرین میں سوار کچھ مسافروں نے چین بھی کھینچنے کی کوشش کی لیکن اس سے بھی ٹرین نہ رکی، مسافروں کو کسی بھی قسم کے نقصان یا زخمی ہونے سے بچانے کے لیے انہیں انجن کے ساتھ موجود ڈبے میں منتقل کروایا گیا تاکہ ٹرین کو روکنے کی کوشش کے دوران کسی بھی قسم کے جھٹکے وغیرہ لگنے کی صورت میں نقصان کا اندیشہ نہ ہو۔