سردار تنویر الیاس کا رمضان المبارک کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور چیئر میں سرمایہ کاری بورڈ وتجارت سردار تنویر الیاس خان کی صدارت میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 35 واں اجلاس ایون وزیر اعلیٰ میں منعقد ہوا جس میں بورڈ کی کارکردگی، پنجاب میں سرمایہ کاری اور سرمایہ کاروں کو سہولیات بہم پہنچانے اور ان کی مشکلات کے تدارک پر اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کے حولے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔
اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان نے سرمایہ کاری بورڈ کے کام کو سراہا اور کہا کہ جہاں بھی سرمایہ کاری کے حوالے سے رکاوٹ آئے انہیں بتایا جائے ، وہ خود دفتر کھلنے سے قبل اس دفتر کے باہر کھڑے ہوں گے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان خان بزدار نے واضح ہدایت دی ہے کہ اب کار کردگی دکھائی جائے۔ ہمیں اپنی کارکردگی کو بساط سے بڑھ کر کرنا ہے تاکہ چند مہینوں میں کارخانے پیداواری عمل شروع کر دیں اور بے روز گاری کا خاتمہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ وہ مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں سے ذاتی طور پر رابطے میں ہیں، رمضان المبارک کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کانفرنس منعقد کی جائے گی جو محض ایم او یو تک نہی رہے گی بلکہ اس کے نتائج بر آمد کئے جائیں گے۔
بورڈ میٹنگ میں صدر لاہور چیمبر آف کا مرس طارق مصباح ، وائس چیئر مین اوور سیز پاکستانی کمیشن وسیم رامے ،صدر چیمبر آف کامرس فیصل آباد احتشام جاوید، ملتان سے احسن رشید ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ارفعہ اقبال اور دیگر ممبرز کے علاوہ ٹیکنیکل سٹاف نے شرکت کی جبکہ سیما اظہر بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئیں۔