شادی میں آئی مہمان خاتون جاتے ہوئے اپنے ساتھ کھانے کے سات ڈبے بھر کر لے گئی لیکن سلامی کتنی دی تھی؟ دلہن نے بھانڈا پھوڑ دیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) شادی کی تقریبات میں بہت زیادہ کھانے والے مہمان تو آپ نے دیکھے ہوں گے لیکن ایک امریکی دلہن نے اپنی شادی میں اپنے والے ایک ایسے مہمان کے بارے میں بتادیا ہے کہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس لڑکی نے ویب سائٹ Redditپر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ میری شادی کی تقریب میں ایک خاتون اپنے ساتھ کھانا پیک کرنے والے 7ڈبے لے کر آئی تھی اور ان میں کھانا بھر کر اپنے ساتھ گھر لے گئی۔
دلہن لکھتی ہے کہ ”میں اپنی شادی کی رسومات میں مصروف تھی اور اس خاتون کو یہ حرکت کرتے نہیں دیکھا ۔ میرے باپ نے اگلے روز مجھے اس کی اس حرکت کے بارے میں بتایا۔ میرے باپ نے بتایا کہ وہ نہ صرف 7ڈبوں میں کھانا لے کر گئی بلکہ بیئر کی دو بوتلیں بھی اٹھا کر لے گئی۔ ہم مہمانوں کی طرف سے دیئے جانے والے تحائف میں سے اس خاتون کا لفافہ نکال کر دیکھا تو اس نے صرف5ڈالر کا ایک نوٹ لفافے میں ڈال رکھا تھا۔ یہ خاتون کوئی غریب نہیں تھی بلکہ وہ مجھ سے زیادہ امیر ہے ۔ چنانچہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اس نے ایسی حرکت کیوں کی۔“
اس پوسٹ پر کمنٹس میں صارفین بھی عورت کی اس حرکت پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں اور اکثر لوگ اس دلہن کو مشورہ دے رہے ہیں کہ اس کا پانچ ڈالر کا نوٹ بھی اسے واپس بھیج دیں۔