الیکشن کمیشن ضمیرفروش پی ٹی آئی ارکا ن اسمبلی کیخلاف ازخودنوٹس لے، فرخ حبیب 

        الیکشن کمیشن ضمیرفروش پی ٹی آئی ارکا ن اسمبلی کیخلاف ازخودنوٹس لے، ...

  

اسلام آ باد (آئی این پی) وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ یوسف رضاگیلانی خریدوفروخت کے بعد سینیٹ میں منتخب ہوئے، الیکشن ایکٹ کے تحت کسی ووٹر کو ووٹ خریدنے کیلئے لالچ نہیں دیا جا سکتا،الیکشن کمیشن کو ضمیر فروشوں کے خلاف ازخود نوٹس لینا چاہیے،الیکشن کمیشن کے پاس موقع ہے کہ ان کو مثال بنائیں،سندھ کے لوگوں کے لوٹے ہوئے پیسوں کو یہ لوگ بچانے کی کوشش کررہے ہیں، سندھ کے عوام کا چوری کیا گیا پیسہ پاپڑ والے کو بچانے کیلئے خرچ کیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والوں نے اپنے ضمیر کو نیلام کر دیا ہے۔جمعہ کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر ملیکہ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ نے ملک میں خریدوفروخت کا بازار قائم کیا ہوا ہے،یہ لوگ پاکستان کے جمہوری امن کے دشمن ہیں،تمام فراڈیے سندھ ہاؤس میں اکٹھے ہو گئے ہیں،الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ نیلام گھر پر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پابندیاں لگائے،کیونکہ یہ اپنے اثاثے کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کامزید کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے کھڑے ہیں،ہم پاکستان کی جمہوریت کو نیلام گھر نہیں بننے دیں گے،تحریک عدم اعتماد کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ پانچ دس ارب میں پوری جمہوریت خرید لی جائے۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک کا اہم ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کو پاکستان کے جمہوری نظام کیلئے بنایا گیا ہے،الیکشن کمیشن کو ضمیر فروشوں کے خلاف ازخود نوٹس لینا چاہیے،کیونکہ بعض ارکان عوام کے ووٹ کے تقدس کا پامال کررہے ہیں۔

فرخ حبیب

مزید :

صفحہ آخر -