بلدیاتی انتخابات میں سیاسی پارٹیاں حصہ لے سکتی ہیں، الیکشن کمشنر پنجا ب 

  بلدیاتی انتخابات میں سیاسی پارٹیاں حصہ لے سکتی ہیں، الیکشن کمشنر پنجا ب 

  

 لاہور(نامہ نگار)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے متوقع امیدواران کی توجہ الیکٹورل گروپس کی تشکیل اور اندراج طرف دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کی دفعہ 47(5)کے تحت بلدیاتی انتخابات میں سیاسی پارٹیاں حصہ لے سکتی ہیں تاہم آزاد حیثیت میں حصہ لینے کیلئے الیکٹورل گروپ کی تشکیل اور اسکا اندراج الیکشن کمیشن کے پاس ہونا لازمی ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکٹورل گروپ کے اندراج کیلئے شیڈول جاری کرے تاکہ صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات میں حصہ لینے والے خواہشمند افراد الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ شیڈول کے مطابق الیکٹورل گروپ تشکیل دے کر اسکا اندراج کروائیں۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں متوقع امیدواران کیلئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 12مارچ کو پبلک نوٹس جاری کر دیا گیا  الیکشن کمیشن کی طرف سے مجاز افسران کی تقرری کی جاچکی ہے۔ 24سے 28مارچ تک انتخابی گروپ کے سربراہ یا نمائندہ کی طرف سے درخواست فارم 1پر مجاز افسر کے پاس جمع کروائی جائے گی۔مجوزہ الیکٹورل گروپ کا سربراہ یا مجاز نمائندہ ذاتی طورپر الیکشن کمیشن کے مجاز افسر کے پاس (فارم1)جمع کروائے گا جس میں مقامی حکومت کا نام، ضلع کا نام، الیکٹورل گروپ کا نام اور دفتر کا پتہ، گروپ کے سربراہ کے مکمل کوائف، عہدیداران کے کوائف، ممبران کی لسٹ (فارم2) جو کہ لوکل گورنمنٹ کے کل ممبران جن میں الیکٹورل گروپ کا سربراہ، ڈپٹی مئیر، چئیر مین،  جنرل اور مخصوص نشستوں کے کونسلرز شامل ہیں، مہیا کرے گا۔۔ اس تعداد سے الیکٹورل گروپ کے ممبران کی تعداد کم نہیں ہوگی۔ مجوزہ الیکٹورل گروپ یکم اپریل تک مجاز افسر کی طرف سے نامکمل معلومات فارم 1کی بناء  پر متعلقہ انتخابی گروپ کے سربراہ یا نمائندہ کو واپس دی جائیں گی۔4اپریل تک انتخابی گروپ کے سربراہ یا نمائیندہ کی طرف سے چھان بین کیلئے دوبارہ درخواستیں جمع کرائی  جائیں گی۔انتخابی گروپ کے اندراج ہونے کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ فارم -ٰٰٰIIIشائع کرنے کی آخری تاریخ 6اپریل ہے۔ مقرر کردہ افسر کی طرف سے الیکٹورل گروپ کا اندراج منظور یا نا منظور ہونے کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کی آخری تاریخ 9 اپریل ہے۔ الیکشن کمیشن یا اس کے مقرر کردہ افسر کی طرف سے اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 13اپریل ہے،درخواست دینے کیلئے مجوزہ الیکٹورل گروپ کا سربراہ یا اسکی طرف سے مجاز فرد،  درخواست اور دیگر دستاویزات ذاتی طور پر الیکشن کمیشن کیپاس جمع کروائے گا۔ بذریعہ ڈاک، فیکس، کورئیر سروس یا دیگر کسی ذریعہ سے موصول ہونے والی درخواستیں قابل قبول نہ ہونگی۔ الیکشن کمیشن کا افسر درخواست وصولی کی رسید دے گا۔ درخواست دہندہ الیکٹورل گروپ کی رجسٹریشن کیلئے 1000روپے فی ممبر کے حساب سے نا قابل واپسی فیس مقررہ اکاؤنٹ میں جمع کروا کر چالان درخواست کے ساتھ منسلک کرے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے متوقع امیدواران کو یہ پیغام دیا کہ الیکٹورل گروپ کی رجسٹریشن کروائیں اور بلدیاتی انتخابات میں شمولیت یقینی بنائیں۔ 

الیکشن کمشنر

مزید :

صفحہ آخر -