کاروباری طبقات عدم اعتماد کی فضا کا خاتمہ چاہتے ہیں،حاجی نواز
لاہور(سٹی رپورٹر) صدر اتفاق گروپ انجمن تاجران الیکٹرونکس ہال روڈ لنک میکلورڈ روڈ حاجی نواز پپو نے کہا ہے کہ ملک میں جاری کاروباری طبقے کیلئے عدم اطمینان کی فضا کا خاتمہ نہایت ضروری ہے۔ بند گلی میں داخل ملکی معیشت کو درست سمت لانے کیلئے دانشمندانہ اور پائیدار فیصلوں کا نفاذ ہی بحرانوں کا موثر حل ثابت ہوسکتا ہے ۔
ملکی معیشت تاجر دوست اصلاحات کے بغیر بحران سے نہیں نکل سکتی۔ حالات کی نازک ترین صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے ٹیکسوں میں نرمی دی جائے۔
بازار مارکیٹیں مہنگائی اور ٹیکسوں کے بھاری بوجھ سے شدید دشوار حالات سے دوچار ہیں۔ ملک میں معاشی بحران کے اندھیرے ختم کرنے اور ترقی و خوشحالی کے سویرے کو طلوع کرنے کیلئے تجارتی مراکز کو سبسڈیز دی جائیں۔ پٹرولیم مصنوعات، بجلی گیس بنیادی ضروریات زندگی پر ٹیکسوں کا حجم کم کیا جائے۔ تاکہ معاشی بقا اور سماجی استحکام یقینی بن سکے اور عوامی و تجارتی حلقوں کو سازگار حالات میسر آسکیں۔