ڈاکٹرز کنٹریکٹس تجدید، وزیر صحت کی رواں ہفتے کام شروع کرنیکی ہدایت

ڈاکٹرز کنٹریکٹس تجدید، وزیر صحت کی رواں ہفتے کام شروع کرنیکی ہدایت

  

      پشاور(سٹی رپورٹر)وزیر صحت خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ایڈہاک ڈاکٹرز اور انصاف ڈاکٹرز فورم کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تمام ڈاکٹرز سمیت پورا طبی عملہ کورونا میں خدمات کی انجام دہی پر تعریف کے مستحق ہے اور ان کے خدمات کا اعتراف پوری دنیا نے کیا ہے۔ انہوں کے کہ طبی عملے سے جڑے تمام مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کررہے ہیں اور اس ضمن میں تمام یونینز اور تنظیموں کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ طبی عملے کے نوجوان طبقے کو خصوصی پیشکش کرتاہوں کہ پرانے نظام کو بدلنے میں ہمارا ساتھ اور اپنی تجاویز اور آرا لیکر ہروقت میرے دفتر آسکتے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے ایڈہاک ڈاکٹروں کے مسائل ایک ایک کرکے سنیں اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ایڈہاک ڈاکٹرز کے نئے کنٹریکٹس کی تجدید پر اس ہفتے میں عملی کام شروع کردیا جائے تاکہ ان کو ان کے اگلے کنٹریکٹس بروقت ملے اور ڈاکٹرز جیسے معزز اور پیشہ ور شخصیات کو دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑے۔ تیمور جھگڑا نے ایڈہاک ڈاکٹروں سے ملاقات میں ان کے خدمات کو بھرپور سراہا اور یقین دلایا کہ اگلے کنٹریکٹس کی تجدید بروقت ہوگی۔وزیر صحت تیمور جھگڑا نے ینگ ڈاکٹرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے دوردراز اضلاع میں ڈاکٹروں اور خصوصی طور پر اسپیشلسٹس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے متعلقہ ہسپتالوں کو اختیار سونپا گیا ہے کہ مارکیٹ سے ڈاکٹرز کنٹریکٹ پر بھرتی کرکے عملے کی کمی کو پورا کرے۔  اس اقدام سے نہ صرف ڈاکٹرز کو محکمے میں خدمات سرنجام دینے کے مواقع میسر آئینگے بلکہ صوبے کے عوام کو بھی صحت کی بہترین سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہونگیں۔ اس پر ینگ ڈاکٹرز نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنی خدمات اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ کاس ملاقات میں آئی ڈی ایف (IDF) کے نمائندے بھی شریک تھے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -