نئے و پرانے کھلاڑیوں نے ملکر ملک کو لوٹا ہے، مشتاق احمد 

نئے و پرانے کھلاڑیوں نے ملکر ملک کو لوٹا ہے، مشتاق احمد 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ نئے اور پرانے کھلاڑیوں نے مل کر ملک کو لوٹا ہے، ملک پر مراعات یافتہ اشرافیہ و بدمعاشیہ کا کلب مسلط ہے، فیول پرائس ایڈجسمنٹ حکومت کی معاشی دہشت گردی ہے، جماعت اسلامی کی سیاست پلاٹ، پرمٹ، پنڈورا اور پانامہ کی نہیں، دیانت، امانت، خدمت اور جمہوریت پر مبنی سیاست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیر لوئر کی مختلف یونین کونسلز حیا سیری، لقمان بانڈہ، منزرے تنگے منجائی اور قاضی آباد بلامبٹ میں شمولیتی پروگرامات و وکرز کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری، نامزد امیدوار تحصیل بلامبٹ عمران الدین ایڈوکیٹ، اخونزادہ کلیم اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پروگرامات میں پی ٹی آئی، پی پی پی اور اے این پی سے درجنوں سیاسی ورکرز نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار کے بغیر ملک بھر میں اپنی رفاہی تنظیم کے ذریعے لوگوں کی خدمت کررہی ہے، افغانستان کو گذشتہ تین چار ماہ میں چھبیس کروڑ مالیت کی امداد دے چکے ہیں جبکہ کرونا وبا کے دوران الخدمت فانڈیشن کے ذریعے تین ارب روپے فنڈز عوامی خدمت پر خرچ کرچکے ہیں۔ سینیٹ آف پاکستان کے فلور پر ختم نبوت، مسئلہ فلسطین، ناموس رسالتﷺ، شعائر اسلام کی حفاظت، کرپشن اور لوٹ مار کا سدباب، مافیاز اور سیاسی لٹیروں کا احتساب، عوامی مسائل، عدل و انصاف کے لئے آواز اٹھائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی ائی کی حکومت عوام پر عذاب کی صورت مسلط ہوچکی ہے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ پرانے اور نئے کھلاڑیوں نے مل کر ملک کو لوٹا ہے جس کی وجہ سے غربت، بیروزگاری، بدامنی، لاقانونیت اور مہنگائی میں اضافہ حدوں کو چھورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ غریب کے استعمال کی چار سو سے زائد اشیا میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے، یوریا کھاد، پیراسیٹامول گولیاں مارکیٹ سے غائب ہیں۔ مافیاز کا راج ملک پر آزادانہ چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پانی کا مسئلہ، بجلی کے خالص منافع، گیس، این ایف سی ایوارڈ میں حصہ، بجلی کا کوٹا، صوبے سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے سینیٹ میں آواز اٹھائی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے نام پر سیاست چمکانے والے ان مسائل پرآواز اٹھانے سے لاتعلق رہے۔ انھوں نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسمنٹ کے نام پرصارفین کو لوٹا جارہا ہے اور یہ سراسر غیرقانونی، ڈاکہ اور پی ٹی ائی حکومت کی معاشی دہشت گردی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -