الخدمت کے تحت ملیر جیل میں جلدی امراض کا کیمپ،قیدیوں کامعائنہ 

 الخدمت کے تحت ملیر جیل میں جلدی امراض کا کیمپ،قیدیوں کامعائنہ 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کے تحت ملیرجیل قیدیوں کے لیے مفت میڈیکل کیمپ کااہتمام کیاگیا۔کیمپ میں 2000 سے زائد قیدیوں کا معائنہ کیا گیا۔ ماہرین امراض جلدڈاکٹر منظور عباسی،ڈاکٹر عاصم ہاشمی،دیگر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے قیدیوں میں پائے جانے والے جلدی امراض کا معائنہ کیا اور انہیں الخدمت کی جانب سے دوائیں فراہم کیں۔ڈاکٹروں نے جلدی امراض سے متعلق تمام قیدیوں کوآگاہی بھی فراہم کی،دواؤں کی اہمیت اوران کے استعمال سے متعلق بھی بتایا۔کیمپ میں الخدمت کے منیجر کوراڈینیشن اینڈ سپورٹ منظر عالم ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔اس موقع پرسینئر سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل ارشد علی شاہ نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اورکیمپ کے انتظامات پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ  الخدمت کی جانب سے جیلوں میں انجام دی جانے والی خدمات قابل قدر ہیں۔انہوں نے جیل میں میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو سراہا۔دریں اثناء چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ کیمپ کے انعقاد کا مقصد جیل میں موجود قیدیوں میں پائے جانے والے امراض سے متعلق آگاہی حاصل کر کے انہیں ریلیف پہنچانا ہے،تاکہ یہ قیدی مایوسی کا شکار ہوکر صحت جیسی عظیم نعمت سے لاتعلق نہ رہیں بلکہ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت جیلوں میں قیدیوں کیلئے کمپیوٹر کی تعلیم،صحت اورصاف پانی کے شعبوں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جیلوں میں خدمت کے کاموں کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ الخدمت سے تعاون کریں۔یاد رہے کہ چند رو زقبل بھی الخدمت کی جانب سے کراچی سینٹرل جیل میں میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیاگیا تھا،جس میں آنکھوں اور جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ہزاروں قیدیوں کا نہ صرف معائنہ کیا بلکہ انہیں دوائیں بھی مفت فراہم کیں۔

مزید :

صفحہ اول -