تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سردار تنویر الیاس

تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار کرنے کی ...
تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سردار تنویر الیاس

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)  آزادکشمیر کے  سینئروزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر پاکستان کا دیدار بغض عمران خان کی پٹی اتار کر ہی  کیا جا سکتا ہے. وزیر اعظم عمران خان نے مملکت خداداد پاکستان کو معاشی مشکلات کی دلدل سے باہر نکالا ہے اور یہی غیر معمولی کامیابی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہی ، دن رات ووٹ کو عزت دو کا راگ الاپنے والے بتائیں کیا عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو اپنے ووٹ کے ذریعے پانچ سال کا مینڈیٹ نہیں دیا تھا ؟عدم اعتماد کے نام پرملک میں عدم استحکام پیداکرنیوالے منفی کردار قابل اعتماد اورقابل رحم نہیں ہیں ۔ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنانے کیلئے جاری جوڑتوڑ کے ذریعے ملک میں  سیاسی بحران اور  معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی ، 2023ء میں انتخابی میدان لگے گا جہاں اپوزیشن کے منفی پراپیگنڈے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے پی ٹی آئی کو پھر خدمت کا موقع ملے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے اکٹھ کے باوجود  تنہا ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔عمران خان کی وجہ سے اپوزیشن جماعتیں خوف میں مبتلا ہیں اور انہیں اپنا سیاسی مستقبل تاریک ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے  قریب تھا  وزیر اعظم  نے  درست معاشی پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف ملک کو اس بحران سے بچایا بلکہ درست سمت کی طرف بھی گامزن کیا ۔آج عالمی ادارے بھی پہلی بار  وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی تعریف کر رہے ہیں ۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -