فٹ سال کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں، منیر احمد
اسلام آباد(اے پی پی)پنجاب فٹ سال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری چوہدری منیر احمد نے کہا ہے کہ صوبے میں فٹ سال کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فٹ سال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ یہ انڈور فٹ بال کی طرح گیم ہے جس میں پانچ کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں فٹ سال کی ترقی کے لئے پنجاب فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر فیصل عامر خان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری منیر احمد نے کہا کہ ملک میں تعلیمی اداروں کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن موجودہ دور میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپانسرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیل بھی ترقی کرسکیں۔