پراپرٹی اور کنسٹرکشن کا شعبہ ملکی ترقی میں اہمیت کا حامل،ثاقب رفیق
(اے پی پی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب رفیق نے کہاہے کہ پراپرٹی کے شعبے کی ترویج سے معاشی ترقی ممکن ہے ،پراپرٹی کے شعبے سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے ، پراپرٹی اور کنسٹرکشن کا شعبہ ملکی اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ورتھ وائل بلڈرز اور سنٹورس مال کے اشتراک سے پہلی اسلام آبادپراپرٹی ایکسپو 2023 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے تاجر نمائندگان ،راولپنڈی چیمبر کے سنیئر نائب صدر حمزہ سروش ،ممبر زید اقبال ، سابق صدراسلام آباد چیمبرآف کامرس سردار یاسر کے علاوہ ترکیہ اورپاکستان بھر سے پراپرٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے صدر ثاقب رفیق نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اس طرح کی نمائشوں کے انعقاد میں اپنا بھرپور تعاون کرے گا ، ایکسپو سے ملکی معاشی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اسلام آبادپراپرٹی ایکسپو 2023 منعقد کرنے کا مقصد پاکستان کی اکانومی کو بہتر کرنا ہے ۔
یہ ایکسپو ایک طرف معاشی اور دوسری جانب پاکستان کے امیج کو اجاگر کرے گی، ترکیہ کی کمپنی کی طرف سے باہمی تعاون مزید بڑھے گا، ایکسپو سے ترکیہ اور پاکستان کی دوستی میں مزید بہتری آئے گی، معاشی طور پر پاکستان مزید مستحکم ہوگا اور پراپرٹی کے شعبے کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔