فتنہ خان نے ملک کو تاریکی کی جانب دھکیل دیا،سیف الملوک کھوکھر
لاہور(لیڈ ی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ فتنہ خان کی سیاست نے ملک کو تاریکی کی جانب دھکیل دیا ہے،لیڈر خواہ کسی بھی سیاسی پارٹی سے تعلق رکھتا ہو وہ ہمیشہ عوام اور کارکنوں کی آواز بن کر سب سے آگے ہوتا ہے لیکن بزدل خان کارکنوں کو ڈھال بنا کر گرفتاری سے بچنے کے لئے ان کے پیچھے چھپا بیٹھا ہے، الیکشن کی آڑ میں این آر او مانگنے والے کو کسی صورت بھی این آر او نہیں دیا جائے گا،مسلم لیگ (ن)آنے والے الیکشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ان شا اللہ کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے گزشتہ روز مرکزی آفس میں ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب جب مسلم لیگ (ن)کا دور آیا تب تب ملک نے ترقی کی لیکن عمران خان کی صورت میں ملک پر ناکامی اور تنزلی کو مسلط کر دیا گیا جس نے اس ملک کو تاریکی کی جانب دھکیل دیا،اس نے اپنی ذات کے لیے نہ صرف ملک کو داؤ پر لگایا بلکہ عوام کے جذبات اور احساسات سے بھی کھیلا اور انہیں گمراہ کیا، قوم کو معلوم ہے یہ کس کے ایجنڈے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی جانب سے جتنی سپورٹ عمران خان کو ملی ہے اگر مسلم لیگ (ن) کو ملتی تو آج پاکستان ترقی کی کئی منازل طے کر چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عملی طور پر انتخابات کی تیاریاں شروع کر چکی ہے اور آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔