زمان پارک آپریشن ‘ کارکنوں پر تشدد بدترین پولیس فسطائیت ‘ سپریم کورٹ نوٹس لے ‘ زاہد محمود مزاری عون حمید ڈوگر اور دیگر کا ردعمل

زمان پارک آپریشن ‘ کارکنوں پر تشدد بدترین پولیس فسطائیت ‘ سپریم کورٹ نوٹس ...

  

راجن پور ‘ شاہ جمال (تحصیل رپورٹر ‘ نمائندہ پاکستان ) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر سردار زاہد محمود خان مزاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ موجودہ امپورٹڈ ظالم و جابر کرپٹ حکومت نے پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کاروائیوں کی انتہا کردی ہے۔ زمان پارک میں ریاستی مشینری کا ناجائز استعمال اور پی ٹی آئی کے پرامن کارکنوں پر پولیس کا وحشیانہ تشدد اور شیلنگ قابل مزمت اقدام ہے۔(بقیہ نمبر4صفحہ6پر )

نالائق حکومت عوامی مسائل پر توجہ دینے کی بجائے عمران خان کو مائنس ون کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ پنجاب کی نگران حکومت ن لیگ کی اشیرباد پر لاہور زمان پارک میں آئے روز پی ٹی آئی کارکنوں پر ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔جان بوجھ کر پی ٹی آئی پر سیاسی پاپندیاں لگائی جارہی ہیں۔زمان پارک میں پی ٹی آئی کے خلاف غیر آئینی اقدام جاری ہیں۔ سردار زاہد خان مزاری کا کہنا تھا کہ جب سے پی ڈی ایم کے کرپٹ ٹولے کو قوم پر مسلط کیا گیا ہے ملک میں مہنگائی کا طوفان آچکا ہے کروڑوں عوام بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر 80 سے زائد جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔ ن لیگ حکومت جتنا چاہے غیر قانونی طور پر زور لگا لے عمران خان کی مقبولیت کو ہرگز کم نہیں کیا جاسکتا ۔عمران خان ہی اس وقت واحد مقبول عوامی لیڈر ہیں جو ملک وقوم کو بحرانوں سے نجات دلا سکتے ہیں ۔ پی ٹی آئی ملک بچانے کے لیے بھرپور سیاسی جدوجہد کررہی ہے اور شفاف الیکشن سے ہی ملک میں معاشی و سیاسی استحکام آئے گا ۔ پاکستانی عوام کپتان عمران خان کو دوبارہ وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں اور انشااللہ پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے اقتدار میں ضرور آئیگی ۔ زمان پارک میں عمران خان کی عدم موجودگی میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا موجود کارکنان پر تشدد گرفتاریاں توڑ پھوڑ پر ریاستی فسطائیت کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے و امیدوار حلقہ پی پی 274 سردار عون حمید ڈوگر نے زمان پارک پر عمران خان کے اسلام آباد عدالت میں پیشی کےلئیے نکلتے ہی انکی رہائش گاہ پر پولیس کے دھاوا بولنے پر کہا کہ پولیس نے بد ترین فسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرین کی مدد سے گیٹ توڑا اور اندر گھس کر موجود کارکنان پر تشدد اور گرفتاریاں کی گئیں جو نہ صرف بلا جواز ہے بلکہ عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا کر ریاستی دہشت گردی کی گئی جو اس دلیل کے لئیے کافی ہے کہ موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت اور پنجاب کے نگران حکمران عمران خان کی جان کے دشمن ہیں دریں اثنا سینئر نائب صدر تحریک انصاف ضلع مظفرگڑھ مہر غلام نبی ارشد جانگلہ اور امیدوار حلقہ پی پی 273 تحریک انصاف کے سابق چیئرمین یوسی شاہجمال مہر غلام علی شہزاد نے زمان پارک پر پولیس کے ایکشن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اپنے قائد کی حفاظت کے لئیے زمان پارک میں موجود تھے اور قائد کی حفاظت کرنا ان کاقانونی اور آئینی حق ہے نہتے کارکنان پر تشدد اور گرفتاریوں کیخلاف سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہئے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -