جماعت اسلامی کا  اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار

  جماعت اسلامی کا  اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار

  

کراچی (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے شہر قائد میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ،جرائم کے خاتمے اور قیام امن کیلئے ٹھوس وعملی اقدمات کرکے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے، اسٹریٹ کرائم، لوٹ مار، ڈکیتی وچھینا چھپٹی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے، اب تولوگ اپنے گھروں وگلیوں میں بھی محفوظ نہیں رہے۔یہاں تک کہ چور بلدیہ وسطی میں لاکھوں روپے مالیت کے ڈسٹ بنز لے اڑے ایک ڈسٹ بن کی مالیت تقریبا 46ہزار روپے ہے فی ڈسٹ بن660کلو گرام وزنی ہوتا ہے تین زون سے مجموعی طور پر 132ڈسٹ بن چوری کئے گئے۔امن وامان کے نام پر اربوں روپے بجٹ میں رکھنے اورخرچ کرنے کے باوجود حکومت شہریوں کے جان ومال کی حفاظت میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے، کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ لمحہ فکریہ ہے عوام کے محافظ خود ہی محفوظ نہیں ہیں تو عوام کی کیا حفاظت کریں گے۔ پولیس میں موجود کچھ کالی بھیڑیاں جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کی بجائے چورں کی سرپرستی اور موٹرسائیکل سمیت عام لوگوں سے بھتہ لینے میں مصروف ہوتے ہیں جس سے پورے محکمہ کی بدنامی ہوتی ہے،چندپولیس افسران واہلکاروں کا جرائم پیشہ افراد سے ملکر کاروائیاں کرتے ہوئے پکڑے جانا اس کی واضح مثال ہے، گذشتہ دو ماہ میں صرف شہر کراچی میں سات ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوئیں ہیں، دو درجن سے زائد افراد دوران مزاحمت زندگی سے محروم کردیئے گئے جبکہ گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں الگ ہیں یہ صرف ایک شہر کی رپورٹ ہے تو پھر اندازہ کریں کہ سندھ کے باقی اضلاع کی صورتحال کیا ہوگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -