قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام

قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام

لاہور ( وقائع نگار )الخدمت فاﺅنڈیشن نے برازیل میں فٹ بال کے سٹریٹ چائلڈ ورلڈ چمپئن شپ کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرنے اور ٹورنامنٹ میںتیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان کی قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتما م کیا جس میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں بلند کرنے والے ہونہار کھلاڑیوں کو اعزازی شیلڈز اور انعامات سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں الخدمت فاﺅنڈیشن کے تحت یتیم بچوں کی کفالت کے لیے قائم ادارہ آغوش الخدمت سنٹر میںظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں تقریب کے مہمان خصوصی الخدمت فاﺅنڈیشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن سمیت الخدمت چائلڈ پروٹیکشن پروجیکٹ کے بچوں اور الخدمت آغوش میں زیر کفالت یتیم بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔بہتر منصوبہ بندی اور توجہ دی جائے تو ہمارے بچے دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن در اصل پوری قوم کے بچے ہیں جنہوں نے سبز ہلالی پرچم تلے فٹ بال کے عالمی کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاکستان کے ان عظیم سپوتوں نے ایک ایسے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کیا جو ہمارے ملک میں تیسرے اور چوتھے درجے کا کھیل ہے ۔

لیکن ان کی محنت کی بدولت پاکستان کا نام اقوام عالم میں بلند ہوا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4