فیکٹری ایریا میں دن دیہاڑے ڈکیتی ڈاکو واپڈا افسر کے گھر سے زیورات اور نقدی لے گئے

فیکٹری ایریا میں دن دیہاڑے ڈکیتی ڈاکو واپڈا افسر کے گھر سے زیورات اور نقدی لے ...

                          لاہور (لیاقت کھرل) فیکٹری ایریا کے علاقہ میں دو اپلائیڈ فار موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈاکوﺅں نے دن دیہاڑے واپڈا افسر کے گھر میں گھس کر 60تولے زیورات اور چھ لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، مزاحمت پر گھر کے مالک واپڈا افسر سمیت اہل خانہ پر تشدد کیا اور مسلسل پون گھنٹہ تک لوٹ مار کرنے کے بعد بڑے آرام سے فرار ہو گئے پولیس اطلاع ملنے کے باوجود ایک گھنٹہ تک تاخیر سے پہنچی، جس پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور غازی روڈ پر ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف احتجاج کیا، تفصیلات کے مطابق نیو شوکت ٹاﺅن کا رہائشی محمد صدیق واپڈا میں افسر اور ایک بیٹا بیرون ملک مقیم ہے گزشتہ صبح سویرے ملک صدیق کے گھر میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈاکو گھس گئے اور پہلے کرائے دار جواد علوی کے گھر سے لوٹ مار کی اور بعد میں بالائی منزل پر رہائش پذیر گھر کے مالک واپڈا افسر محمد صدیق کے گھر میں گئے اور دونوں گھروں سے 70تولے زیورات اور 5لاکھ روپے نقدی سمیت قیمتی گھریلو سامان لوٹ لیا، ڈاکو مسلسل گھر میں پون گھنٹہ تک لوٹ مار کرتے رہے اور گھر والوں کی مزاحمت پر گھر کے مالک محمد صدیق اور دیگر اہل خانہ پر تشدد کیا اور لوٹ مار کے بعد اپلائیڈ فار موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فرار ہو گئے، واقع پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور علاقہ کے مکینوں نے غازی روڈ پر وارداتوں کے خلاف مظاہرہ کیا، واپڈا افسر محمد صدیق کرائے دار جواد علوی محلے داروں محمد رفیق اور مرزا عمران سمیت دیگر نے ”پاکستان“ کو بتایا کہ شوکت ٹاون کئی ماہ سے ڈاکوﺅں کے نرغے میں ہے اور گزشتہ چند ماہ کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور نقب زنی کی متعدد واردتایں ہو چکی ہیں، پولیس محض مقدمہ درج کر کے ٹال دیتی ہے اور پولیس آج تک کسی ایک گروہ کو گرفتار نہیں کر سکی جبکہ ایس ایچ او فیکٹری ایریا انسپکٹر مدثر اللہ خان اور تفتیشی افسر قاسم شاہ نے بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے فنگرز پرنٹ بھی حاصل کر لئے گئے ہیں اور واردات کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا۔

مزید : علاقائی