تحفظات دور نہ ہونے پر ن لیگ سے علیحدگی کی دھمکی، ہم کشمیری نہیں تو ہمارا کیا قصور ہے: عرفان اللہ مروت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنماءعرفان اللہ مروت نے تحفظات دور نہ ہونے پر مسلم لیگ ن کو خیربادکہنے اور اسمبلی میں آزاد بنچوں پر بیٹھنے کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے بہت دھکے کھائے مگر سیکھا کچھ نہیں ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عرفان اللہ مروت کا کہنا تھا کہ جب سے وہ کراچی سے منتخب ہوئے ہیں اس دن سے پارٹی لیڈر نواز شریف نے انہیں کوئی حیثیت نہیں دی، کوئی مشورہ نہیں کیا اور حکومت کے کسی بھی معاملے میں شامل نہیں کیا، نواز شریف اگر ہمیں اپنا نہیں سمجھتے تو ہم انہیں اپنا ہم کیوں سمجھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف شائد ان لوگوں کو اپنا سمجھتے ہیں جو کشمیری ہیں اور اگر ہم کشمیری نہیں تو اس میں ہماری کیا غلطی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نے اگر 8 روز میں ان کے تحفظات دور نہ کئے تو وہ مسلم لیگ ن سے الگ ہو جائیں گے اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کے بجائے آزاد بینچوں پر بیٹھیں گے، گورنری چاہئے نہ وزارت، ہمیں صرف عزت چاہئے، ن لیگ سندھ میں فاورڈ بلاک نہیں بن رہا۔