یوتھ لون سکیم:اعلان دھوم دھام سے،قرض کسی کو نہ مل سکا

یوتھ لون سکیم:اعلان دھوم دھام سے،قرض کسی کو نہ مل سکا
یوتھ لون سکیم:اعلان دھوم دھام سے،قرض کسی کو نہ مل سکا

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم کی قرضہ سکیم کا اعلان تو بڑی دھوم دھام سے کیا گیا اور درخواستوں کی وصولی کا کام بھی بڑے زور وشور سے کیا گیا لیکن ابھی تک عملی طور پر سکیم کے ثمرات عام آدمیوں تک نہیں پہنچ سکے ۔دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں اس موضوع پر بات کرتے ہوئے سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم کی نوجوانون کیلئے قرضہ سکیم عملی طور پر کہیں بھی نظر نہیں آرہی۔وزیر اعظم یوتھ لون سکیم کے بارے میں جاننے کیلئے مجیب الرحمان شامی نے نیشنل بنک کے ممبر کمپلائنس شہزاد اختر شامی سے گفتگو کی ۔مجیب الرحمان شامی کے سوال پر شہزاد اختر شامی نے بتایا کہ اب تک جتنے لوگوں نے قرض کیلئے درخواستیں جمع کرائی ان میں سے زیادہ تر لوگ سمیڈا کی بنائی ہوئی کاروباری پالیسی پر پورا نہیں اترتے۔ایک سوال کے جواب میں شہزاد اختر شامی نے بتایا کہ 6070درخواستوں میں سے نیشنل بنک نے5350لوگوں کو قرض دینے کا فیصلہ کیا لیکن ان لوگوں کو رقوم اس لئے نہیں دی جاسکیں کہ درخواستوں میں مانگی گئی رقوم زیادہ جبکہ نیشنل بنک کی منظور شدہ رقوم کم تھیں۔شہزاد اختر شامی کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک نے تمام درخواستوں پر سمیڈا کی بنائی ہوئی پالیسی کے مطابق فیصلہ کیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں کو قرض جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے انکو خطوط کے ذریعے اطلاع دیدی گئی ہے اور اب ان سے اپنے کاغذات کی پڑتال کیلئے بنک آنے کا کہا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شہزاد اختر شامی کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ تمام درخواستیں پنجاب ہی سے منظور کی گئی ہیں انکا کہنا تھا کہ 70فیصد درخواستیں پنجاب سے منظور کی گئی ہیں اور انکی منظوری کی بنیاد زراعت ہے۔انہوں نے بتایا کہ مئی کے آخر تک پہلا چیک جاری کر دیا جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ5350لوگوں کی درخواستوں پر فیصلہ کر چکے ہیں ۔ایک سے دو ماہ کے اندرمزید 6000درخواستوں پر فیصلہ کر لیں گے۔مجیب الرحمان شامی کے منافع بارے سوال پر شہزاد اختر شامی کا کہنا تھا کہ نیشنل بنک قرضہ سکیم پر کوئی منافع نہیں لے رہا اور جو8فیصد لیا جائے گا وہ صرف خرچ کی مد میں ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں