قائم مقام صدر نے چینی فوجی سربراہ کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک )قائم مقام صدر مملکت محمد صادق سنجرانی نے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشاکو نشانِ امتیاز ملٹری عطاءکر دیا۔ چینی فوج کے سربراہ کو اعزاز عطا کرنے کی تقریب جمعہ کو ایوان صدر میں ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
تقریب کے بعد معزز مہمان نے قائم مقام صدر سے ملاقات بھی کی۔قائم مقام صدر نے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز حاصل کرنے پر معزز مہمان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست، ہمسائے اور قابلِ اعتماد ساتھی ہیں کیونکہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام اور اعتماد کے لازوال اور غیر متزلزل رشتے سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور ہمارے دفاعی تعلقات خطہ میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کشمیر سمیت سلامتی اور علاقائی استحکام کے معاملات میں چین کی غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشا نے نشانِ امتیاز ملٹری عطا کرنے پر قائم مقام صدر، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک۔چین دوستی آزمائش کے ہر موقع پر پورا اتری ہے اور یہ نسل در نسل جاری رہے گی۔
این این آئی کے مطابق سنٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یوشا نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباس سے ملاقات کی۔ پاک بحریہ کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے قریبی اور مضبوط تعلقات کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔