بجلی کی ریل پیل کرنے کا عمران خان کا دعوی ناکام،صرف 80میگاواٹ ہی بناپائے:شہباز شریف
شیخوپورہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ 5 سال میں کے پی کے میں بجلی کی ریل پیل کر دیں گے لیکن خان صاحب 5 سال میں 80 میگا واٹ بجلی پیدا کر سکے،سندھ حکومت نے بھی ایک پلانٹ لگایا جس نے بجلی پیدا نہیں کی جبکہ پنجاب حکومت نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کر کے بجلی پیدا کی اور پنجاب میں بنائی گئی بجلی پورے پاکستان کو فراہم کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بھکی پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھکی پاور پلانٹ پنجاب حکومت نے اپنے سرمایے سے لگایا۔ان کا کہنا تھا کہ بھکی پاور پلانٹ سے 1180 میگاوٹ بجلی حاصل ہو گی اور پاور پلانٹ 8 روپے فی یونٹ بجلی مہیا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھکی، بلوکی، حویلی بہادر شاہ کے پلانٹس میں جدید ترین مشینری لگائی گئی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ 20 سال سے نیلم جہلم منصوبہ رینگ رہا تھا لیکن اب اس کے فیز بھی مکمل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے آدھی قیمت پر لگے جس سے صارف کو فائدہ مل رہا ہے اور ان منصوبوں سے آدھی قیمت پر بجلی مل رہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے والوں نے پاکستان کی معیشت کا دھڑن تختہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار ہوا، دھرنے نہ ہوتے تو سی پیک کے تحت منصوبے پہلے مکمل ہو چکے ہوتے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیب اور عدلیہ سے گزارش ہے کہ جہاں کرپشن ہوئی وہاں ضرور ایکشن لیں لیکن اگر اچھا کام کرنے والوں کو شاباش نہیں دی جائے گی تو گھوڑے گدھے میں تمیزختم ہو جائےگی۔