کرائسٹ چرچ ، مستقبل میں دہشتگردانہ واقعات سے بچنے کےلئے مسجد النور میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے نصب کر نے کا فیصلہ
کرائسٹ چرچ(ڈیلی پاکستان آن لائن)کرائسٹ چرچ کی مسجد النور میں مستقبل میں دہشت گردانہ واقعات سے بچنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جدید ترین کیمرے اسلحہ کو چلانے سے پہلے تین سیکنڈزمیں آگاہ کرکے پولیس اورایمرجنسی اداروں کو الرٹ جاری کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی سان فرانسسکو کمپنی اور قطر کی الامیری انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی کے اشتراک سے کیمرے النور مسجد میں نصب کیے جائیں گے،اس سیکورٹی سسٹم کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس(اے آئی)کا نا م دیاگیا جو امریکاکی نیوسیلیکان ویلی سٹارٹ اَپ اتھینا سیکورٹی کمپنی نے قطر کی الامیری انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی کے اشترا ک سے تیار کیا ۔ الامیری کمپنی کے چیف ایگزیکٹوفہد نے پندرہ مارچ کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد مسجد النور کی انتظامیہ سے رابطہ کیا اورکہاکہ وہ نیوزی لینڈ میں مسجدوں کو محفوظ بنانے کےلئے کام کرنا چاہتے ہیں جس کے بعد یہ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے ،مسجد النور دنیا میں پہلی مسجد ہوں گی جہاں جدید ترین ٹیکنالوجی کیمرے نصب ہوں گے اس سے پہلے یہ کیمرے امریکا کے کچھ سکولوں اورہسپتالوں میں کامیابی سے کام کرر ہے ہیں ۔ چیف ایگزیکٹو فہد نے بتایاکہ النور مسجد کے بعد یہ سسٹم نیوزی لینڈ کی دوسری مساجد میں بھی نصب کریں گے ،امید ہے کہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے عبادت گاہوں میں فائرنگ جیسے واقعات سے بچا جا سکے گا۔