دعوت افطار مذہبی و تہذیبی روایات کا حصہ،حکومتی گھبراہٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ جی کا جانا ٹھہر گیا:ڈاکٹر نفیسہ شاہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی گھبراہٹ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ جی کا جانا ٹھہر گیا ہے،دعوت افطار مذہبی و تہذیبی روایات کا حصہ ہے، حکومت کے ہوش اڑنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے دھاندلی کی کھوکھلی بنیادوں پر کھڑی حکومت عوامی غیض وغضب میں بہہ جائے گی، ایک افطار ڈنر سے حکومتی بوکھلاہٹ مضحکہ خیز ہے۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی بوکھلاہٹ کیا اس بات کا اظہار ہے کہ حکومت ایک افطار ڈنر کی مار ہے؟ ۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی تمام بڑی اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا ہے ،دوسری طرف معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کے افطار ڈنر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ چور اکٹھے ہوجائیں توسمجھ لو تھانیدار ایماندار آگیاہے ، کرپشن بچانے کیلئے یہ گینگ کی شکل میں مشاورت کریں گے ، افطار ی کی آڑ میں مک مکا اور چور دروازہ ڈھونڈا جارہاہے ، عمران خان کا بیانیہ درست نکلاکہ یہ دونوں جماعتیں ملی ہوئی ہیں، عمران خان کہتے تھے کہ ان دونوں جماعتوں کا گٹھ جوڑ ہے ۔اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے افطاری کرنے جارہے ہیں ، اس میں سے کسی ایک کا بھی روزہ نہیں ہوگا، آصف زرداری بھی شہباز شریف والا فارمولا مانگ رہے ہیں،فالودے والے کے اکاؤنٹ سے دو ، دو ارب روپے نکل رہے ہیں، سی پیک اور ریلوے کے خلاف عالمی سازش کی جارہی ہیں،ن لیگ اپنی سیاست کا جنازہ نکالنے اسلام آباد جار ہی ہے ۔