سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات خطے میں افراتفری پھیلانے کی سازش، پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیگا:سینیٹر ساجد میر

سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات خطے میں افراتفری پھیلانے کی سازش، پاکستان ...
سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات خطے میں افراتفری پھیلانے کی سازش، پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیگا:سینیٹر ساجد میر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات خطے میں افراتفری پھیلانے کی سازش ہے،پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیگا،حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس مقدس مقام کے تحفظ کے لیے جان قربان کرنا ہر مسلمان اپنا اعزاز سمجھتا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے دورے کے دوران مدینہ منورہ میں پیغام ٹی وی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں امیر سعودی عرب عبدالمالک مجاہد، نائب امیر مولانا علی محمد ابوتراب، قاری صہیب میر محمدی اور مدرس مسجد نبوی الشیخ خالداحترام نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھیں گے،سعودی عرب کی سلامتی اور پاکستان کی سلامتی لازم وملزوم ہیں،سعودی عرب کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی،سعودی عرب میں گزشتہ دنوں تیل پائپ لائنوں پر ڈرون حملے دراصل دہشت گردی کا ارتکاب کرنے والوں کی نفرت آمیز سوچ کی عکاسی ہیں،ان حملوں سے دہشت گردی کیخلاف لڑنے کے سعودی عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا،یہ حملے مملکت سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ریاستی عزم کو مزید پختہ کرنے کا ذریعہ ثابت ہوں گے۔

علامہ ساجد میر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کا الزام سو فی صد درست ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر دہشت گرد حملوں کا حکم ایران کی حکومت نے دیا،ایران نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ حوثی باغیوں سے کرایا،ایران ان گروپوں کو خطے میں اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کو لاحق کسی قسم کے خطرات کے خلاف سعودی حکومت اور عوام سے مکمل تعاون اور یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے،ایران حوثی باغیوں کے ذریعے عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور علاقائی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ثابت ہو رہا ہے،ماضی میں یمن سے میزائل حرمین شریفین کی طرف بھی پھینکنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو جب بھی ایسی مشکلات کا سامنا ہوا پاکستان نے اس کی بھرپور مدد کی، حرمین شریفین ہمارے دلوں میں بسے ہوئے ہیں،جب کچھ ملعون افراد خانہ کعبہ میں اسلحہ لے کر گھس گئے تھے توان کو پاکستانی فورسز نے نکال باہر کیاتھا۔

مزید :

عرب دنیا -