صدر وینز ویلا کے اغواء کی کوشش ناکام، امریکی دہشتگردگرفتار

May 19, 2020

کراکس(آئی این پی)وینزویلا کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک اور خوفناک امریکی دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے،لیوک ڈین مین نامی ایک امریکی دہشتگرد نے اعتراف کیا ہے کہ وہ صدر نکولس کو اغوا کرنے کے پلان پر کام کر رہا تھا، اس سازش کو مکمل کرنے کیلئے جنوری میں 50ونزویلین باشندوں کو امریکا کی جانب سے خصوصی تربیت دی گئی تھی۔بین الاقوامی میڈیا نے ریڈیو ہوانا کی ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وینزوئلا کی خصوصی فورس نے ایک آپریشن کے دوران اس ملک کے آراگوا صوبے سے ایک دہشتگرد کو گرفتار کیا جس کے پاس کولمبیا اور وینزوئلا کی دستاویزات تھیں۔یہ دہشتگرد ایسے وقت میں گرفتار ہوا کہ جب وینزوئلا کی مختلف عدالتوں نے حال ہی میں گدؤن Geden کارروائی کے ملزموں پر مقدمات چلانے کا اعلان کیا۔ ان مقدموں میں ملوث ملزموں پر غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ مل کر بغاوت، شورش اور سازش کرنے کے الزامات ہیں۔لیوک ڈین مین نامی ایک امریکی نے اعتراف کیا کہ وہ وینزوئلا کے صدر نکولس مادورو کو اغوا کرنے کے پلان پر کام کر رہا تھا۔


وینیزوئلا کے سرکاری ٹیلی ویژن پر دکھائے گئے ایک انٹرویو میں لیوک ڈین امریکی نے اعتراف کیا تھا کہ وہ وینیزوئلا کے صدر نکولس مادورو کو اغوا کرنا چاہتا تھا اس کا کام کاراکاس کے ہوائی اڈے کی کارروائی پر نظر رکھنا تھا اور وہ بنیادی طور پر وینیزوئلا کے صدر کو اغوا کر کے انہیں امریکا پہنچانے کے منصوبے پر کام کر رہا تھا۔

اس امریکی ایجنٹ نے یہ بھی بتایا کہ جنوری میں وینیزوئلا کے پچاس باشندوں کو اس سازش پر عمل کے لیے تربیت دی گئی تھی۔واضح رہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی گزشتہ کئی ماہ سے وینزوئلا کی حکومت کے مخالفین کی حمایت کر کے اس ملک میں فوجی بغاوت کے درپے ہیں۔

مزیدخبریں