جنرل ہسپتال کے کورونا سے متاثر میڈیکل سٹاف کی صحت کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل
لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے کے دوران خود متاثر ہونے والے جنرل ہسپتال کے فرنٹ لائن ڈاکٹر،نرسز،پیرا میڈیکل و دیگر سٹاف کی صحت کے معاملات مانیٹر کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر طاہر صدیق کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی میں ڈاکٹر کاشف عزیز، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ریاض حفیظ شامل ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ مریضوں کی صحت اور اُن کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں رپورٹ پرنسپل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو پیش کیا کرے گی۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفریدظفرنے اس کمیٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے ہیلتھ ورکرز کو ہم سب خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اور اُن کی خدمات میڈیکل کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جانے والی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ اپنے کسی سٹاف ممبر کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور اُن کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ملازمین اور انتظامیہ ایک خاندان کی حیثیت رکھتے ہیں اور بطور ادارے کے سربراہ میری ذمہ داری ہے کہ اُن کے دکھ سکھ میں شریک ہوں اور اُن کی ضروریات کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی صحت کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنارہے ہیں اور اب ان کی صحت کا ہم خیال رکھیں گے۔اس مقصد کے لئے خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو فوری طور پر اپنے کام کا آغاز کر دے گی۔