درآمدی خام مال پر کسٹم ریگولیٹری ڈیوٹی کم کرنے سے زرمبادلہ بڑھیگا،اعظم چودھری
لاہور(لیڈی رپورٹر) چیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہورا عظم چوہدری نے حکومت کی طرف سے بجٹ2020-21کیلئے درآمدی خام مال پر کسٹم ریگولیٹری ڈیوٹیز کم کرنے کی تجویزکو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبہ میں استعمال ہونے والے درآمدی خام مال پر کسٹم ڈیوٹیز کم ہونے سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی سے اشیاء سستی اور سستی اشیاء کے باعث بیرون ملک پاکستانی برآمدات میں اضافہ سے حکومتی ذر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے حکومت کی مالی مشکلات میں کمی ہوگی۔
نیز ملک میں اشیاء سستی ہونے سے ہوشربا مہنگائی میں بھی خاطر خواہ کمی ہوگی اور عوام کو سستی اشیاء سے ریلیف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین وسیم چاولہ، وائس چیئرمین انجینئر خرم کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اعظم چوہدری بجٹ تجاویز میں شناختی کارڈ کی شرط50ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کار ڈ کی شرط کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ ہے اور تمام چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیمیں اس کے خاتمہ کیلئے متحد ہیں اس لیے بجٹ میں اس کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس فری بجٹ ہی صنعتی و تجارتی شعبہ کو پریشانیوں سے نجات دلاسکتا ہے۔