عوام کو کورونا اور بھوک دونوں سے بچانا حکومت کی ترجیح ہے،راجہ راشد حفیظ

عوام کو کورونا اور بھوک دونوں سے بچانا حکومت کی ترجیح ہے،راجہ راشد حفیظ

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام الناس کو نہ صرف کورونا سے بچانا ہے جس کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا کر حفاظتی تدابیر اور علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچائی گئی ہیں بلکہ لوگوں کو بھوک اور ننگ وافلاس سے محفوظ رکھنا ہے۔ اسی لئے لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کے سلسلے میں حکومت پنجاب نے پبلک ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت دے کر معاشی سرگرمیوں کی راہ کھولی ہے جس میں عوام الناس انتہائی ذمہ داری کے ساتھ حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے کورونا وائرس کو پھیلنے کا موقع نہ دیں۔

ورنہ حکومت ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہو گی۔ اپنے دفتر میں معززین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کا حکومتی فیصلہ اس بات کی بھی غمازی کرتا ہے کہ حکومت اپنے عوام پر اعتماد کرتی ہے اور اسے یقین ہے کہ تمام شہری حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہتے ہوئے اس نرمی سے معاشی استفادہ اٹھائیں گے اور حکومت کے فیصلے کو درست ثابت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا گیا ہے اور عام آدمی کو اس سے استفادہ کرنے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے یہ عوام دوست فیصلے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے تاجروں، صنعت کاروں اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ عوام دوستی، ایمانداری اور دیانتداری کا ثبوت دیتے ہوئے اشیائے خورد ونوش اور اپنی سروسز کی قیمتوں میں کمی کر دیں تاکہ عام لوگ بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -