اخبارات کو آج سے ادائیگیاں شروع، دنیا ٹائیگر فورس کی معترف: شبلی فراز

اخبارات کو آج سے ادائیگیاں شروع، دنیا ٹائیگر فورس کی معترف: شبلی فراز

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)اخبارات کو آج سے ہی ادائیگیاں شروع کر رہے ہیں جس سے میڈیا صنعت اور اس سے وابستہ افراد کو ریلیف ملے گا، پالیسی کے تحت ریجنل کوٹہ پر عمل کریں گے۔ یہ اعلان وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے پیر کوکونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد نے بھی خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سی پی این ای کو بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا حل بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اخبارات و جرائد کے تمام مسائل تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت اور اتفاق رائے کیساتھ حل کریں گے۔ آڈٹ بیورو آف سرکولیشن (اے بی سی)کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا اور اے بی سی کے سلسلے میں جاری شدہ حالیہ سرکلر صرف ریجنل نہیں بلکہ تمام اخبارات کیلئے ہے، ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے ذریعے جاری شدہ اشتہارات کی ادائیگیوں کے ضمن میں 85 فیصد براہ راست اخبارات کو جبکہ 15 فیصد ایجنسی کو ملنے چاہئیں، ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا ہم ایسا نظام وضع کرنا چاہتے ہیں جس سے آئندہ عدم ادائیگیوں کے مسائل پیدا نہ ہوں اور واجبات بھی اشتہارات کے اجرا کیساتھ ساتھ ادا ہوتے جائیں، مزید برآں واجبات کی ادائیگی کو صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے بھی منسلک کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے خبر رساں ایجنسیوں کیلئے پارلیمنٹ سے منظور شدہ بجٹ کو بھی جلد جاری کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ اپنے ٹویٹ پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان کے عوام کی خدمت کیلئے ٹائیگر فورس کے قیام کی تعر یف دنیا کر رہی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کے عوام کی خدمت کیلئے ٹائیگر فورس کے قیام کی تعریف دنیا کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ نوجوان قومی جذبے سے سرشار ہو کر کورونا کیخلاف جنگ میں عوام کی مدد کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ان میں آسانیاں بانٹ رہے ہیں۔رضاکارانہ جذبوں سے لیس یہ نوجوان قوم کافخر ہیں۔دریں اثنا پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے واضح ہدایات کی روشنی میں میڈیا ہاؤسز اور اخبارات و جرائد کے سرکاری اشتہارات کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کے تحت پہلے مرحلے میں ایڈوٹائزنگ ایجنسیوں کے 63ملین روپے کے بقایا جات ادا کر دیئے گئے ہیں اور انہیں آئندہ دو روز کے اندر اخبارات، جرائد اور نیوز چینلز کو بھی فوری بقا یا ت ادا کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

شبلی فراز

شبلی فراز

مزید :

صفحہ اول -