صوبوں کے”صوبیدار“ وفاق کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں،چودھری شجاعت

  صوبوں کے”صوبیدار“ وفاق کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں،چودھری شجاعت

  

لاہور(این این آئی) پی ایم ایل کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ صوبوں کے ”صوبیدار“ اپنی کارکردگی کو اخبارات میں چھپوا کر وفاق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ایسے سیاسی لیڈر سیاسی بیان بازی کرنے کی کوشش نہ کریں، یہ سیاسی بیان بازی کا وقت نہیں ہے، ایسا نہ ہو کہ وہ اللہ کی پکڑ میں مبتلا ہو جائیں۔ اکیلے عمران خان کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ کورونا کا مقابلہ کریں، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بھی اپنی حفاظت خود کریں، اس قدرتی آفات سے اکیلی حکومت نہیں نمٹ سکتی۔انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد اپنے ہمسایوں کا خیال رکھیں اور سفید پوش طبقہ کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار جب صبح روزی کمانے گھر سے نکلتا ہے تو سارا دن چوک میں کھڑے رہنے کے بعد جب اسے مزدوری نہیں ملتی تو شام کو وہ اپنے بیوی بچوں کیلئے کھانا کہاں سے لے کر جائے گا؟لہٰذاصاحب حیثیت افراد سے میں کہوں گا کہ وہ کم از کم دو خاندانوں کا راشن اپنے ذمہ لیں، اس سے کوئی امیر غریب نہیں ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر میں ان لوگوں کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں جو لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور سستی چیزیں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں، ایسی حرام کمائی ان کے کسی کام نہیں آئے گی۔

چودھری شجاعت

مزید :

صفحہ اول -