کوروناکے خطرات برقرار ہیں شہری احتیاط کریں،ڈی آئی جی آپریشنز
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرات برقرار ہیں، شہری حکومتی ہدایات کی پابندی کریں اور گھروں تک محدود رہیں۔ رائے بابر سعید نے کہا کہ شہری بازاروں میں فیس ماسک اور سماجی فاصلوں کی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ لاہور پولیس جزوی لاک ڈاؤن میں نرمی کے دنوں میں بھی شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات عمل میں لائی۔مشروط اجازت کی حامل مارکیٹوں اور بازاروں کو کاروبار کرنے دیا گیا۔
دورانِ کاروبار سماجی فاصلے، ماسک، سینیٹائزرزسمیت حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں لگائے گئے ناکوں پرابتک02 لاکھ36ہزار727سے زائد افرادکو روک کر نقل و حرکت کی وجہ دریافت کی گئی جبکہ غیر ضروری طورپرسڑکوں پر آنیوالے02 لاکھ25ہزار365 شہریوں اور گاڑی مالکان کو وارننگ جاری کر کے گھروں کو واپس بھیجا گیا۔ غیر ضروری طور پر باہر آنے والے4456شہریوں سے دوبارہ باہر نہ نکلنے بارے شورٹی بانڈزبھی لئے گئے۔شہر میں سڑکوں پر آنے والی چھوٹی بڑی02 لاکھ13 ہزار767سے زائد وہیکلزکوچیک کیا گیا۔مجموعی طور پر120680موٹر سائیکلوں،30177 رکشوں،6365 ٹیکسیوں،45193 کاروں اور11352بڑی گاڑیوں کوبھی روک کرمالکان سے شہر میں گھومنے پھرنے کی وجہ پوچھی گئی جبکہ خلاف ورزی کرنے والی8168موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔قانون شکن عناصر کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر ابتک 2210 مقدمات درج کئے گئے۔